راپیڈو کی جانب سے مفت سفر کی سہولت، رونالڈ راس اور کمشنر پولیس حیدرآباد سرینواس ریڈی نے ستائش کی
حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے ہر شہری کو اپنا رول ادا کرنے کی اپیل کی۔ اُنھوں نے راپیڈو کمپنی کی جانب سے رائے دہندوں کے لئے مفت بائیک کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔ حیدرآباد میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے راپیڈو کمپنی کی پیشکش کا رسمی طور پر وکاس راج نے آغاز کیا۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں راپیڈو کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مفت بائیک ٹاسک رائیڈ ریالی کا اہتمام کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی کمشنر رونالڈ راس، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر انودیپ درشٹی اور دیگر عہدیداروں نے شمع روشن کرتے ہوئے ریالی کا آغاز کیا۔ وکاس راج نے کہاکہ گزشتہ 3 ماہ سے حیدرآباد میں ووٹنگ فیصد میں اضافہ کے لئے بڑے پیمانے پر شعور بیداری مہم چلائی گئی۔ ’’ووٹ ہماری ذمہ داری‘‘ عنوان کے تحت جمہوریت کے تحفظ کے لئے رائے دہندوں کو مہم میں شامل کرنے کی مساعی کی جارہی ہے۔ وکاس راج نے کہاکہ حیدرآباد میں رائے دہی کا فیصد کم از کم 60 تا 65 فیصد ہونا چاہئے جس کے لئے ہر رائے دہندہ اپنی ذمہ داری محسوس کرے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈونالڈ راس نے کہاکہ حیدرآباد میں رضاکارانہ تنظیموں اور خواتین کی تنظیموں کے ذریعہ گھر گھر پہونچ کر ووٹ کی اہمیت اُجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ رائے دہندوں نے حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کا بھروسہ دلایا ہے۔ راپڈو کمپنی پولنگ اسٹیشن پہونچ کر ووٹ کا استعمال کرنے والے رائے دہندوں کو مفت گھر واپسی کا انتظام کرے گی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سرینواس ریڈی نے کہاکہ عوام کو بلاخوف و خطر رائے دہی میں حصہ لینا چاہئے، اِس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 13 مئی کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں رائے دہندوں کو اپنی پسند کے انتخاب کا موقع ملے گا۔ اِس موقع پر حیدرآباد کلکٹر انودیپ درشٹی، وٹرنری چیف عبدالوکیل، راپیڈو کے بزنس ہیڈ روہت راتھوڑ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 1