ملک میں حیدرآباد سرفہرست ، گذشتہ سال کے مقابلے اس سال 20 فیصد زیادہ فروخت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : مقدس ماہ رمضان میں مسلمان بڑی عقیدت سے روزہ رکھتے ہیں ۔ عبادتوں میں مشغول ہوتے ہیں اور لذیذ ڈیش حلیم بھی بڑے پیمانے پر فروخت ہوتی ہے ۔ ماہ رمضان میں خصوصی طورپر حلیم دستیاب ہوتی ہے ۔ اس مرتبہ حلیم کی ریکارڈ فروخت اس کا ثبوت ہے ۔ 1000 کروڑ روپئے کی حلیم فروخت ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ حلیم کی فروخت حیدرآباد میں ہوتی ہے ۔ غذائیت سے بھر پور لذیذ حلیم کے مراکز شہر کے مختلف مقامات اور ہوٹلوں میں پائے گئے ۔ جس سے عوام بھر پور لطف اندوز ہوئے ۔ ہر ہوٹل کے سامنے خصوصی بھٹیاں لگائی گئی ۔ کاونٹرس کے ذریعہ اس کی فروخت کی گئیں ۔ حیدرآباد ہوٹل اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس رمضان میں تقریبا 50 لاکھ پلیٹس حلیم فروخت ہوئی ہے ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال 20 فیصد زیادہ حلیم فروخت ہوئی ۔ ہوٹلوں کے علاوہ اس مرتبہ فوڈ ڈیلیوری ایپس بھی زیادہ حلیم کے آرڈرس وصول ہوئے ، ٹیک اوے ، سوئیگی ، زوموٹو جیسے فوڈ ڈیلیوری ایپس سے بڑے پیمانے پر حلیم سربراہ کی گئی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں بڑے بڑے ہوٹلوں ، ریسٹوران کے علاوہ چھوٹی اور متوسط ہوٹلوں اور اسٹار ہوٹلوں میں حلیم ڈش کو لازمی بنادیا تھا ۔ ماہ رمضان میں حلیم نے بریانی کو مات دے دیا ہے ۔ بریانی سے زیادہ لوگوں نے حلیم کو کھایا اور اور آرڈرس پر منگوایا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق چھوٹے حلیم کے مراکز سے روزانہ تقریبا 100 پلیٹس اور نامور ہوٹلوں سے 500 تا 800 پلیٹس حلیم فروخت ہوئی ہے ۔ حلیم کی قیمت اس مرتبہ 100 روپئے سے 320 روپئے تک رہی ہے ۔ مٹن ، چکن ، بیف حلیم بھی فروخت ہوئی ہے ۔ یومیہ 30 تا 35 کروڑ روپئے کا کاروبار ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ عام دنوں کے علاوہ وویک اینڈ تعطیلات میں حلیم کی فروخت میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے ۔۔ 2