حیدرآباد میں ریکارڈ 4421 میگا واٹ برقی طلب کی تکمیل کا کارنامہ

   

موسم گرما کے آغاز پر طلب میں اضافہ سے برقی حکام چوکس، جتیش وی پاٹل مینجنگ ڈائرکٹر کا بیان

حیدرآباد ۔4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی اداروں نے منگل کے دن ریکارڈ برقی طلب کی تکمیل کے ذریعہ اپنی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں منگل 3 مارچ کو برقی طلب 4421 میگا وا ٹ درج کی گئی جو اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ سال 6 مئی کو برقی طلب 4352 میگا واٹ درج کی گئی تھی اور منگل کے دن یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ عام طور پر موسم گرما کے دوران ماہ مئی میں برقی طلب میں اضافہ ہوتا ہے ۔ تاہم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی گھریلو اور تجارتی اغراض کے لئے برقی طلب میں مارچ سے ہی اضافہ درج کیا جارہا ہے ۔ صارفین کی جانب سے ایرکنڈیشنڈ اور کولرس کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر جتیش وی پاٹل آئی اے ایس نے کہا کہ برقی طلب میں اضافہ کے باوجود تمام شعبہ جات کو بلا وقفہ برقی سربراہی کے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ برقی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے فیلڈ لیول آفیسرس اور اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ 33 کے وی اور 11 کے وی فیڈرس کے لوڈ پر نظر رکھیں۔ ٹرانسفارمرس اور سب اسٹیشنوں سے موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ واضح رہے کہ جتیش وی پاٹل کو حکومت نے مشرف فاروقی کی جگہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کا صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے۔1