حیدرآباد22 جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں گزشتہ تین دن سے کبھی ہلکی کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بعض علاقوں میں طوفانی بارش بھی ریکارڈ ہوئی ۔ کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے ۔ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں جس سے کئی اہم سڑکوں میں ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے۔ گزشتہ سال حیدرآباد میں سیلاب آیا تھا ، بڑے پیمانہ پر جانی و مالی نقصانات ہوئے تھے ۔ اس وقت پانی کی نکاسی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا تھا جس پر آج تک عمل آوری نہیں ہوئی جس کی وجہ سے معمولی بارش سے بھی عوام میں ڈر و خوف پایا جاتا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ علاقہ چارمینار میں 26.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ یکم جون سے 22 جولائی تک شہر میں 73 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس وقت تک شہر میں 388.9 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ریاست میں مزید تین دن تک بارش کا امکان ہے ۔ چند اضلاع میں زیادہ اور چند میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔