ریزرو بینک نے سارے ملک کیلئے 17 تعطیلات کا اعلان کیا
حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے بینکوں کو تعطیلات کا اعلان کیا گیا جس کے نتیجہ میں حیدرآباد میں بینکس 8 دن تعطیلات کے سبب بند رہیں گے۔ آر بی آئی کے مطابق ستمبر میں جملہ 17 تعطیلات کا اعلان کیا گیا جن میں اتوار ، دوسرا اور چوتھے ہفتہ کی تعطیلات شامل ہیں۔ یہ تعطیلات ریاستوں کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہیں اور ملک بھر کے تمام بینکس 17 دن بند نہیں رہتے۔ حیدرآباد کے شہریوں کیلئے ستمبر میں بینکوں کو 8 دن تعطیلات رہیں گی جن میں اتوار و دوسرا ہفتہ شامل ہیں۔ حیدرآباد میں بینکس 7 ، 18 اور 28 ستمبر کو جنم اشٹمی ، ونائک چتورتھی اور عید میلاد النبیؐ پر بند رہیں گے۔ تعطیلات کے دوران صارفین آن لائین بینکنگ خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں 7 ، 18 اور 28 ستمبر کے علاوہ تمام اتوار اور دوسرے ہفتہ کو بینکس بند رہیں گے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے ملک بھر کیلئے جن 17 تعطیلات کا اعلان کیا ان میں 3 ستمبر اتوار ، 6 ستمبر کرشنا جنم اشٹمی، 7 ستمبر کو سری کرشنا اشٹمی ، 8 ستمبر G-20 سمٹ ، 9 ستمبر کو دوسرا ہفتہ ، 10 ستمبر اتوار ، 17 ستمبر اتوار ، 18 ستمبر ونائک چتورتھی، 19 ستمبر گنیش چتورتھی ، 20 ستمبر گنیش چتورتھی دوسرا دن، 22 ستمبر سری نارائنا گرو سمادھی، 23 ستمبر مہاراجہ ہری سنگھ یوم پیدائش، 24 ستمبر اتوار ، 25 ستمبر سری منتا سنکر دیوا جنم اتسو، 27 ستمبر میلاد النبیؐ، 28 ستمبر عید میلادالنبیؐ اور 29 ستمبر اندرا جاترا شامل ہیں۔ حیدرآباد اور ملک کے دیگر شہروں میں مختلف بینکس ہیں اور ان میں ہر ایک کیلئے تعطیلات مختلف رہیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ عوامی شعبہ کے اداروں ، خانگی شعبہ ، کوآپریٹیو بینکس ، ریجنل رورل بینکس ، پیمنٹ بینکس ، اسمال فینانس بینکس اور فارن بینکس میں ہر کسی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ تعطیلات کے بارے میں از خود فیصلہ کرے۔