حیدرآباد میں سردی کی شدید لہر ، گرم ملبوسات کا استعمال

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے لوگ گھر سے باہر نکلنے سے پہلے سوئیٹر اورٹوپی کا استعمال کررہے ہیں ۔ صبح کی سیر کرنے والوں کی تعداد میں بھی سردی کی وجہ سے کمی ہورہی ہے ۔ صبح کے وقت اوس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو بھی مشکلات ہورہی ہیں ۔ اوس کے ساتھ سردی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ شیر لنگم پلی میں کم از کم درجہ حرارت 14.1 ڈگری رام چندرا پورم میں 14.4 اور راجندر نگر میں 14.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ اتوار کو حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.5 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 17.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ طوفان Ditva کے اثر کی وجہ سے پیر کو ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی ۔ طوفان کے اثر کی وجہ سے اضلاع میں اگلے دو دن میں بارش ہونے کا امکان ہے ۔ مضافاتی علاقوں میں رات کا درجہ حرارت کم ہورہا ہے ۔ رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 2 ۔ 3 ڈگری کم ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ سرد ہواؤں کی شدت میں اضافے کے باعث ڈاکٹرس بزرگ شہریوں اور بچوں کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ گھر سے باہر نکلنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔۔ ش