حیدرآباد میں سردی کی لہر ۔وائرل بخار اور بیمار افراد کی تعداد میں اضافہ

   

حیدرآباد،4 ؍جنوری (یواین آئی) شہر حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ہی وائرل بخار او ردیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھاجارہا ہے ۔ ناگارتنا سینئر سائنسداں ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوبی مشرقی علاقوں کی تیز تر ہوائیں 5جنوری تک ریاست سے ٹکرائیں گی۔اس کے بعد ہی اقل ترین درجہ حرارت کے معمول کی طرف لوٹنے کا امکان ہے اور لوگوں کو سردی سے راحت ملنے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہاکہ شمالی۔مشرقی ہواؤں کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔تلنگانہ کے تمام علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔اس سردی کے سبب موسم میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں لوگ بیمار پڑ رہے ہیں۔وائرل بخار سے متاثرہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔شہر حیدرآباد کے فیور ہاسپٹل سے 935آوٹ پیشنٹ مریض رجوع ہوئے ہیں ،جن میں سے 17 مریضوں کو ہاسپٹل میں داخل کرلیاگیا ۔ دسمبر میں فیور ہاسپٹل میں وائرل بخار کے 134معاملات درج کئے گئے ۔ حیدرآباد کے فیور ہاسپٹل کے ساتھ ساتھ گاندھی اور عثمانیہ ہاسپٹل میں بھی آوٹ پیشنٹ کی حیثیت سے علاج کے لئے رجوع ہونے والوں کی تعداد بھی 3 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔