حیدرآباد ۔22جنوری ( سیاست نیوز) نمائش میدان کا رُخ کرنے والے افراد کیلئے بری خبر ہے کیونکہ گاندھی ہاسپٹل میں 5 مریضوں کی تشخیص کے بعد ان میں سوائن فلو کے مرض کا علم ہوا ہے جس میں 3خواتین بھی ہیں اور ان تمام خواتین کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل جو کہ ریاست تلنگانہ کی حکومت کی سرپرستی میں اپنی خدمات فراہم کرتا ہے ۔ یہاں 5 مریضوں میں سوائن فلو کا نتیجہ آیا ہے اور ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ عوامی مقامات خاص کر نمائش میدان کا رُخ کرنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ سوائن فلو نومبر تا جنوری کے درمیان اپنے عروج پر ہوتا ہے اور جیسے جیسے موسم کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے اور موسم گرما کی آمد ہوتی ہے تو سوائن فلو کا اثر ٹوٹنے لگتا ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شراون کمار نے حیدرآبادی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سردی کی لہرشہر میں بڑھی ہوئی ہے اور سرد موسم میں سوائن فلو کا اثر بڑھ جاتا ہے ۔ لہذا وہ عوامی مقامات پر غیر ضروری جانے سے گریز کریں، خاص کر ان دنوں حیدرآباد میں نمائش جاری ہے اور یہاں جانے میں احتیاط برتیں ۔ ڈاکٹر شراون نے مزید کہا کہ اگر سوائن فلو کی کوئی بھی علامت ظاہر ہوجائے تو اسے آسان تصور کرتے ہوئے کاہلی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔ سوائن فلو کی علامتوں میں بخار ، کھانسی ، گلے میں تکلیف ، سردی ، کمزوری اور بدن درد قابل ذکر ہیں ۔ سوائن فلو سے بچے اور معمر افراد کے علاوہ خواتین کے زیادہ متاثر ہونے کے خدشات ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مریض کو جوڑوں میں درد ، سوکھی کھانسی ، متلی یا قئے اور سردرد کی شکایت بھی ہوتی ہے ۔ احتیاطی تدابیر :۔ سوائن فلو کی کوئی علامت ظاہر ہونے پر بہتر ہے کہ گھر پر آرام کو ترجیح دیں ، ہاتھ کو بار بار دھوکر بھی اس مرض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ عوامی مقامات پر جانے سے احتیاط کریں۔