حیدرآباد میں سی ڈبلیو سی اجلاس

   

تکو گوڑہ کے جلسہ عام میں سونیا گاندھی 5 گیارنٹیز کا اعلان کریں گی: ریونت ریڈی

حیدرآباد۔/9 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ 16 ستمبر کو ہوٹل تاج کرشنا میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس جبکہ17 ستمبر کو تکوگوڑہ میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں سونیا گاندھی 5 گیارنٹیز کا اعلان کریں گی۔ آج تکوگوڑہ میں جلسہ عام کی تیاریوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی حیدرآباد میں منعقد ہونے والے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خوفزدہ ہیں اور اس کو ناکام بنانے کی منظم سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سکندرآباد پریڈ گراونڈ میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر بعد میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے سکندرآباد میں سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب منعقد کرنے کے اعلان پر محکمہ دفاع نے کانگریس کے بجائے بی جے پی کو گراؤنڈ دینے سے اتفاق کیا۔ گچی باؤلی اسٹیڈیم میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا مگر اسپورٹس اتھاریٹی نے بھی کانگریس کی درخواست کو مسترد کردیا۔ ٹریفک میں خلل پیدا کئے بغیر تکوگوڑہ کی خالی اراضی پر جلسہ عام منعقد کرنے پر غور کیا گیا۔ انڈومنٹ کی اراضی ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کردیا گیا۔ اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود کسانوں نے اپنی اراضی پر کانگریس کو جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔ کانگریس قائدین جنگی خطوط پر جلسہ عام کی تیاریاں کررہے ہیں۔ تلنگانہ دینے والی کانگریس اور اس کی قائد سونیا گاندھی حیدرآباد آرہی ہیں مگر حکومت عدم تعاون کا مظاہرہ کررہی ہے جو بدبختانہ اقدام ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کو جمہوری اقدار پر یقین اور بھروسہ نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی اُلٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ شہر کی ایک ہوٹل میں سی ڈبلیو سی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا مگر کے ٹی آر نے ہوٹل والوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی ہے۔ حیدرآباد میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرنے پر ریونت ریڈی نے ملکارجن کھرگے اور سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا اثر ہوا ہے۔ انڈیا اتحاد کے نام سے وزیر اعظم نریندر مودی خوفزدہ ہیں جس کی وجہ سے ملک کا نام انڈیا تبدیل کرتے ہوئے بھارت رکھا جارہا ہے۔ع