حیدرآباد میں صد فیصد کوویڈ ٹیکہ اندازی کا نشانہ

   

حیدرآباد۔12اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کو تیز کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی عہدیدارو ںکی جانب سے شہر حیدرآباد میں ٹیکہ اندازی کی ویان مختلف علاقوں میں گشت کررہی ہے اور ویان میں موجود عملہ کی جانب سے اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود گھروں میں شعور بیداری اور انہیں یکجا کرتے ہوئے ان کی ٹیکہ اندازی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کے نشانہ کو مکمل کرنے کے لئے ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں نشاندہی کردہ ٹیکہ اندازی کے اہل افراد کے سلسلہ میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 50 لاکھ ایسے شہری ہیں جو کہ ٹیکہ کے حصول کے اہل ہیں اور ان میں 25لاکھ شہریوں کی ٹیکہ اندازی ہوچکی ہے جن میں 8لاکھ 50ہزار سے زائد دونوں ٹیکہ حاصل کرتے ہوئے مکمل طور پر ٹیکہ حاصل کرنے والوں میں شمار کئے جاچکے ہیں۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ دونوں شہرو ںمیں اب ٹیکہ اندازی کے لئے عوام شبہات کا اظہار نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ ٹیکہ لینے کے لئے آمادہ ہونے لگے ہیں اسی لئے ٹیکہ اندازی کی رفتار میں تیزی ریکارڈکی جا رہی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق شہر میں 75موبائیل ٹیکہ اندازی ویان اور 100 عوامی مراکز صحت پر ٹیکہ اندازی جاری ہے جس کے سبب 11اگسٹ کو صرف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 22 ہزار افراد کی ٹیکہ اندازی کو ممکن بنایا گیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے ٹیکوں کی کمی کے سلسلہ میں عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ فی الحال ٹیکوں کی کوئی قلت نہیں ہے اور ٹیکہ اندازی مہم میں تیزی لانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ آئندہ تین ماہ کے دوران شہر حیدرآباد کو مکمل ٹیکہ اندازی والا شہر قرار دینے کی کوششوں اور اقدامات کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ بلدی عہدیدارو ںکی جانب سے نہ صرف ٹیکہ اندازی کے اقدامات کئے جارہے ہیں بلکہ ٹیکہ اندازی کے عملہ کو گھر گھر پہنچ کر عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے انہیں ٹیکہ کے حصول کے لئے آمادہ کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے جس کے مثبت اثرات برآمد ہونے لگے ہیں۔