حیدرآباد میں عالمی مقابلہ حُسن کی تیاریاں عروج پر: سمیتا سبھروال

   

6 مئی سے120ممالک کی حسیناؤں کی آمد، چارمینار ہیرٹیج واک اور چومحلہ پیالیس میں استقبالیہ ڈِنر
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں عالمی مقابلہ حسن ’’ مس ورلڈ‘‘ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ سکریٹری محکمہ سیاحت سمیتا سبھروال نے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موثر انتظامات کے ذریعہ تلنگانہ کو سیاحت کے شعبہ میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کی مساعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سیاحت اور قیام کے شعبہ جات میں عالمی سطح پر اپنی شناخت بناسکتا ہے۔ سمیتا سبھروال نے ’ مس ورلڈ ‘ مقابلہ کے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام 7 تا 31 مئی حیدرآباد میں 72 واں ’ مس ورلڈ‘ مقابلہ منعقد ہوگا جس میں 120 ممالک کے ماڈلس شرکت کریں گے۔ سمیتا سبھروال کے مطابق 6 اور 7 مئی کو دنیا بھر سے ماڈلس حیدرآباد پہنچیں گے۔ عالمی حسیناؤں کی آمد کے موقع پر تاریخی چارمینار کے پاس ہیرٹیج واک اور چومحلہ پیالیس میں استقبالیہ ڈِنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ سمیتا سبھروال نے محکمہ سیاحت، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، پولیس اور دیگر محکمہ جات کے ساتھ دورہ کیا۔ انہوں نے استقبالیہ ڈِنر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور بتایا کہ 120 ماڈلس کے علاوہ 400 مندوبین، فوٹو گرافرس اور انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندے شرکت کریں گے۔ استقبالیہ ڈِنر کے موقع پر تلنگانہ میں سیاحتی مقامات کے سلسلہ میں پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ چومحلہ پیالیس میں حسیناؤں کیلئے فوٹو سیشن کا اہتمام رہے گا اس کے علاوہ لائیو میوزک کنسرٹ، صوفی میوزک اور قوالی کے پروگرام ہوں گے۔تلنگانہ کی تہذیب و روایات کی عکاسی کرتے ہوئے 20 منٹ کا کلچرل پروگرام پیش کیا جائے گا۔ کلچرل پروگراموں کے بعد استقبالیہ ڈِنر ہوگا اور مینو میں نظام دور کی غذائیں اور تلنگانہ کی روایتی غذائیں شامل رہیں گی۔ ڈائرکٹر ٹورازم ہنمنتو، ڈائرکٹر یوتھ سرویسس ڈاکٹر وی وینکٹیشورراؤ، شلپا رامم کے اسپیشل آفیسر کرشنا راؤ، منیجنگ ڈائرکٹر سٹ ون وینو گوپال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1