حیدرآباد میں عوام کے بغیر بونال جلوس کی اجازت دی جائے

   

کانگریس ترجمان جی نرنجن کا مطالبہ
حیدرآباد : پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اڈیشہ میں پوری جگن ناتھ رتھ یاترا کی طرح حیدرآباد میں عوام کے بغیر بونال جلوس کی اجازت دی جائے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عوام کے بغیر جگن ناتھ رتھ یاترا نکالنے کی اجازت دی ہے جس کا عوام خیرمقدم کرتے ہیں۔ روایتی رتھ یاترا کے سلسلہ میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ کے ذریعہ بھکتوںکو راحت پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام کے بغیر صرف پجاریوں کے ذریعہ رتھ یاترا کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسی طرح آئندہ ماہ حیدرآباد میں بونال جلوس کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو سکندرآباد اور 19 جولائی کو سبزی منڈی میں بونال جلوس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ پرانے شہر کا روایتی بونال جلوس 20 جولائی کو مقرر ہے جو ہاتھی پر نکالا جاتا ہے ۔ نرنجن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد کے اس روایتی جلوس کو عوام کے بغیر نکالنے کی اجازت دیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 اگست کو محرم کا جلوس مقرر ہے، اس کے لئے بھی حکومت کو ہاتھی کا انتظام کرنا چاہئے ۔