ڈی جی پی کا پولیس کمشنرس کے ساتھ اجلاس، ڈیلیوری سرویس کو رعایت دینے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں غذا اور ادویات سربراہی کی خدمات آج سے بحال ہوچکی ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے کمشنرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ڈیلیوری سرویس سے وابستہ افراد کو لاک ڈاؤن کے دوران سرویس کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ انہیں مختلف گوشوں سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں لاک ڈاؤن میں سختی کے سبب غذا اور دیگر ضروری اشیاء کی منتقلی میں رکاوٹ کی اطلاع دی گئی۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے تاہم غذا اور ضروری اشیاء کی سربراہی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں کل پولیس نے ڈیلیوری سرویسس سے وابستہ افراد کو روک کر بڑے پیمانے پر چالانات کئے تھے۔ ان کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا جس کے بعد خانگی کمپنیوں نے اپنی خدمات کو معطل کردیا تھا۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی شرائط سے متعلق احکامات میں فوڈ، میڈیسن اور دیگر ضروری اشیاء کی منتقلی کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے لیکن چیف منسٹر کی جانب سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت کے بعد پولیس نے ڈیلیوری بوائز کو بھی گھومنے سے روک دیا تھا۔ آخر کار اس مسئلہ کی یکسوئی ہوگئی اور آج صبح سے خانگی کمپنیوں کی جانب سے فوڈ، میڈیسن اور اجناس کی سربراہی سے متعلق ڈیلیوری سرویس بحال ہوچکی ہے۔ صبح سے ہی سڑکوں پر بڑی تعداد میں خانگی کمپنیوں کے ڈیلیوری بوائز دکھائی دیئے۔