حیدرآباد میں فی تولہ سونے کی قیمت 1.30 لاکھ روپے سے تجاوز

,

   

آئندہ سال 1.50 لاکھ روپے ہونے کے امکانات، بین الاقوامی حالات سے قیمتوں میں اُچھال
حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) سونے کی قیمتیں ہرگذرتے دن کے ساتھ آسمان کو چھو رہی ہیں۔ بین الاقوامی حالات اور تہواروں کے سیزن کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ حیدرآباد میں منگل کو 24 کیرٹ 10 گرام سونے کی قیمت 1,30,850 روپے ہوگئی جبکہ 22 کیرٹ 10 گرام سونے کی قیمت 1,17,780 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی چاندی کی قیمت میں بھی زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ حیدرآباد کی مارکیٹ میں ایک کیلو چاندی کی قیمت 1,85,763 روپے ہوگئی ہے۔ بین الاقوامی حالات کے سبب سونے کی قیمتوں کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی شٹ ڈاؤن اٹھانے پر غیر یقینی صورتحال کے علاوہ امریکہ۔ چین تجارتی تناؤ کی وجہ سے زیادہ تر لوگ سونے میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس کی وجہ سے گولڈ ای ٹی ایف کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ستمبر میں گولڈ ایکسچینج ٹریڈ فنڈ (گولڈ ای ٹی ایف) میں فنڈز کے بہاؤ میں تیزی پیدا ہوگئی تھی۔ ماہ اگست کے دوران 2,190 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی جو اکتوبر میں چار گنا اضافہ کے ساتھ 8,363 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ دوسری طرف مارکٹ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ شادیوں کے سیزن کی وجہ سے سونے کی مانگ کو دیکھتے ہوئے قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔ آئندہ سال کے ابتداء میں سونے کی قیمت فی 10 گرام 1.50 لاکھ روپئے ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ 2