حیدرآباد میں مزید بارش کی پیش قیاسی

   

شہر میں مارچ میں معمولی سے چار گنا زیادہ بارش ریکارڈ

حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 27 مارچ تک بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) حیدرآباد نے ریاست کے کئی اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ موسمیات کے اس محکمہ نے خبردار کیا کہ آئندہ دو دن حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات پر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد کے تمام چھ زونس چارمینار، خیریت آباد، کوکٹ پلی، ایل بی نگر، سکندرآباد اور سیری لنگم پلی میں امکان ہیکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ مارچ کے اس مہینہ میں حیدرآباد میں بارش میں چار گنا اضافہ ہوا۔ اس ماہ شہر میں 43.9 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ شہر میں مارچ کے مہینہ میں عموماً 10.1mm بارش ہوتی ہے۔ اسی طرح پڑوسی ضلع رنگاریڈی میں شدید بارش ہوئی جو 36.2mm ریکارڈ کی گئی جو اس ماہ کی معمول کی بارش 7.5mm سے چار گنا سے زیادہ ہے۔ حالیہ بارش، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سے ریاست کے تمام اضلاع بشمول حیدرآباد کے درجہ حرارت میں کمی ہوئی اور گرمی سے راحت ملی۔ حیدرآباد میں بارش کی پیش قیاسی کے یپش نظر لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔