محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ، درجہ حرارت 33 ڈگری تک پہنچ گیا، عوام کو گرمی کا احساس
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میں گرمی کی لہر 15 اگست تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے معمول کے درجہ حرارت میں اضافہ کے پیش نظر آئندہ چند دنوں تک حیدرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ کی پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت 33 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا جارہا ہے اور رطوبت 80 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ اگست کے پہلے ہفتہ کے مقابلہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ پہلے ہفتہ میں درجہ حرارت 30 تا 31 ڈگری سیلسیس تھا ۔ 2 اگست کو حیدرآباد میں 31.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو 6 اگست کو بڑھ کر 34 ڈگری ہوگیا۔ جاریہ ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت اور رطوبت میں اضافہ کے پیش نظر حیدرآبادی عوام کو دوپہر کے اوقات میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دن کے اوقات کے علاوہ رات میں بھی گرمی محسوس کی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ موسلادھار بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی تھی ۔ موسم گرما کی طرح عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی پڑ رہی ہے۔ عام طور پر اگست اور ستمبر میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ تاہم حیدرآباد میں درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 15 اگست کے بعد بارش کا امکان ہے جس سے درج حرارت میں کمی واقع ہوگی۔ اسی دوران شہر کو پانی سربراہ کرنے والے ذخیرہ آب حمایت ساگر کے تمام گیٹس بند کردیئے گئے ۔ دو ہفتہ قبل ذخیرہ آب کے آبگیر علاقوں میں بارش کے بعد 20 جولائی کو گیٹس کھول دیئے گئے تھے۔ اب جبکہ بارش کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، لہذا سطح آب کے معمول پر آنے کے بعد عہدیداروں نے گیٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا ۔