حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر جے بدھا پرکاش سے ملاقات کی اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں رائے دہندوں کی جانچ میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں گھر گھر پہنچ کر ویریفکیشن کے بغیر ہی اپنے طور پر مشتبہ رائے دہندوں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 541535 ووٹرس کی نشاندہی کی ہے جن کے نام ایک سے زائد مرتبہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے ویریفکیشن کے بعد ان ناموں کو حذف کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نرنجن نے کہا کہ گھر گھر پہنچ کر ویریفکیشن کے لئے طریقہ کار موجود ہے لیکن بلدی حکام ووٹرسکی جانچ کرنے کے بجائے اپنے طور پر فہرست سے نام نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سومیش کمار جس وقت جی ایچ ایم سی کمشنر تھے لاکھوں ناموں کو فہرست سے خارج کردیا گیا جس کا الیکشن کمیشن نے سخت نوٹ لیا تھا۔ چیف الیکٹورل آفیسر سے درخواست کی گئی کہ وہ مشتبہ رائے دہندوں کے ناموں کے اخراج کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیں اور شفافیت کے ساتھ یہ مرحلہ انجام دیا جائے ۔ انہوں نے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کرنے والے بلدی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ر