حیدرآباد میں مفت پانی سربراہی اسکیم کی تیاریاں

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میں عوام کو مفت پینے کا پانی سربراہی اسکیم کے بارے میں واٹر ورکس کی جانب سے شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو واٹر بورڈ دانا کشور نے بتایا کہ اسکیم سے 9 لاکھ مکانات کو فائدہ ہوگا تاہم اسکیم کیلئے درکار شرائط کی تکمیل کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ورکس کے عہدیدار گھر گھر پہنچ کر اسکیم کے فوائد سے عوام کو واقف کرارہے ہیں۔ ایسے مکانات جن میں واٹر میٹر نہیں انہیں میٹر نصب کرنے کی صلاح دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ میٹر کے نمبر کو آدھار کارڈ سے مربوط کیا جائیگا تاکہ اسکیم سے استفادہ کیا جاسکے۔ مفت پانی کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری میں تاخیر کا حکام کو اعتراف ہے ۔ بلدی انتخابات کے موقع پر حکومت نے اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اسی دوران ڈپٹی جنرل منیجر واٹر ورکس ٹی سرینواس کے مطابق گھر گھر والی مہم سے عوام کو فائدہ ہوگا کیونکہ اسکیم سے استفادہ کے طریقہ کار اور شرائط سے عوام واقف ہورہے ہیں۔ کئی مکینوں نے نئے میٹر تنصیب کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ اسکیم پر سالانہ 500 کروڑ کے مصارف ہونگے اور ماہانہ ہر گھر کو 20 ہزار لیٹر پانی مفت سربراہ کیا جائے گا۔ کنزیومر اکاؤنٹ نمبر سے آدھار کو مربوط کئے بغیر اسکیم پر عمل آوری ممکن نہیں۔