اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد میں مفت پینے کے پانی کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری میں تیزی پیدا کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری نے جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ دانا کشور ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور ڈاکٹر ایم ستیہ نارائنا نے اجلاس میں شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے واٹر بورڈ کو ہدایت دی کہ PTIN اور CAN نمبر کو آدھار سے مربوط کرنے کا کام جلد مکمل کریں تاکہ استفادہ کنندگان کو پینے کے پانی سربراہ کیا جاسکے۔ سلم علاقوں اور ایسے علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں سربراہی کا کوئی نظم نہیں ہے ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے ریاست کے تمام میونسپل وارڈس میں ٹری پارکس کے قیام کی ہدایت دی۔