کوکٹ پلی تا فینانشیل ڈسٹرکٹ 28 کیلو میٹرکا منصوبہ، بس سرویس کی طرح سڑک پر ٹرین گذرے گی
حیدرآباد۔ حیدرآباد میں ایم ایم ٹی ایس اور میٹرو کے کامیاب تجربہ کے بعد لائیٹ ریل ٹرانزٹ سسٹم کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں۔ میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی جو ایچ ایم ڈی اے کے تحت ادارہ ہے اس نے لائیٹ ریل ٹرانزٹ سسٹم کو جے این ٹی یو کوکٹ پلی تا فینانشیل ڈسٹرکٹ توسیع دینے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ 28 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ایل آر ٹی ایس کا تجربہ تلنگانہ میں پہلی مرتبہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ یونیفائیڈ میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے گذشتہ 3 ماہ سے ایل آر ٹی سسٹم کے آغاز پر اسٹڈی کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلہ میں بہت جلد حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ موجودہ حیدرآباد میٹرو ٹرین میں سفر کیلئے عوام کو سیڑھیوں سے اوپری منزل پہنچ کر ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد ٹرین میں سوار ہونا پڑتا ہے برخلاف اس کے لائیٹ ریل میں عوام سٹی بس کی طرح سوار ہوسکتے ہیں۔ ٹرین کے مختلف اسٹاپ رہیں گے جس طرح آر ٹی سی بس کے ہوتے ہیں۔ اس نئے سسٹم سے عوام کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔ ٹریفک کے مسائل سے بچاؤ میں ایل آر ٹی معاون ثابت ہوگا۔ نیا سسٹم ماحولیات کیلئے بھی سازگار رہے گا۔ ٹرین کے ٹکٹ غریبوں کی دسترس کے مطابق رہیں گے۔ کوکٹ پلی تا فینانشیل ڈسٹرکٹ نئی ٹرین سرویس کے آغاز کی صورت میں اس روٹ پر اراضیات اور جائیدادوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوسکتا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایل آر ٹی کے ذریعہ شہر میں سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نئی سہولت کو آئی ٹی راہداری پر متعارف کرنا چاہتی ہے جس میں کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ، ہائی ٹیک سٹی، رائے درگ، بائیو ڈائیورسٹی جنکشن، گچی باؤلی، ویپرو سرکل، فینانشیل ڈسٹرکٹ، آؤٹر رنگ روڈ اور کوکا پیٹ شامل ہیں۔ 28 کیلو میٹر کے اس راستہ پر میٹر گیج ٹریک پر بیاٹری یا برقی سے یہ ٹرین چلائی جائے گی۔ اس میں 150 تا200 مسافرین باآسانی سفر کرسکتے ہیں۔ لائیٹ ٹرین شہر میں بسوں کی طرح سڑک سے ہوکر گذرے گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لائیٹ ریل سسٹم کے آغاز سے حیدرآباد عالمی شہر کی حیثیت سے اپنی شناخت بناسکتا ہے۔