حیدرآباد میں موجود خستہ حال باؤلیوں کی حالت کو بہتر بنانے حکومت کوشاں

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) شہر میں دو ہیرٹیج سیڑھیوں والی باؤلیوں (Step Wells) کی مرمت اور بحالی کیلئے اقدامات کرنے کے بعد محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کی جانب سے اب شہر اور اس کے اطراف میں اس طرح کی تمام ناکارہ اور خستہ حالت کی باؤلیوں کو ازسرنو بہتر بنانے اور ان کی اصلی حالت بحال کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ قدیم باؤلیوں کے تحفظ اور بحالی کے اقدامات میں مختلف محکمہ جات بشمول گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) کی جانب سے جلد ہی حیدرآباد کی تقریباً 140 باؤلیوں کے احیاء کیلئے مرحلہ وار انداز میں اقدامات کئے جائیں گے۔ حال میں پہلے مرحلہ میں، ایچ ایم ڈی اے نے پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار کی نگرانی میں گڈی ملکاپور میں ایک خانگی باؤلی، بھگوان داس باغ باؤلی سے کچرے اور ملبہ کو صاف کیا اور بنسی لال پیٹ سکندرآباد میں ایک اور باؤلی کی صفائی اور شیوباغ ٹمپل میں مرمتی کام شروع کئے۔ آرکیٹکٹ کلپارمیشن کے مطابق یہ ہیرٹیج باؤلیاں نظام اور قطب شاہی حکومتوں کے دور کی ہیں۔ اروند کمار نے کہا کہ ہم حیدرآباد اور اس کے اطراف میں تمام 140 خستہ حالت میں موجود ان باؤلیوں کو ممکنہ حد تک بحال کرنے کے خواہاں ہیں۔ ملبہ اور کچرے کی صفائی کیلئے ورکرس اور جے سی بیز کو لگایا جارہا ہے۔ زمین پر قبضہ کرنے کے لئے لوگوں کی جانب سے غیرمجاز طور پر ڈالے جارہے تعمیراتی ملبہ کو ہٹایا جارہا ہے۔ یہ باؤلیاں ایک عرصہ دراز سے نظرانداز کردہ حالت میں ہیں جس کی وجہ ان کی دلکشی اور خوبصورتی ختم ہوگئی ہے۔ جلد ہی عہدیداروں کی جانب سے حیدرآباد میں موجود زائد از 140 باؤلیوں (Step Wells) کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور اسے ایک عوامی تحریک بنانا چاہتے ہیں۔
کیونکہ یہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہیکہ ان کے تحفظ میں مدد کریں۔