حیدرآباد میں موسلا دھار بارش، کئی علاقے جل تھل ہوگئے

,

   

مصروف مقامات پر سڑکیںجھیل میں تبدیل ۔ عوام سے چوکس رہنے میئر کی اپیل، ٹیلی فون نمبرات کی اجرائی، آج بھی بارش کا امکان
حیدرآباد۔/14 جولائی، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں دو دن تک شدید بارش کی پیش قیاسی کے پہلے دن آج شام شہر کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ اگرچہ صبح سے بیشتر علاقوں میں بوندا باندی دیکھی گئی لیکن شام میں موسلا دھار بارش نے گریٹر حیدرآباد کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات ملنے پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ کارپوریشن نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ میئر حیدرآباد وجے لکشمی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضرورت کے تحت ہی مکانات سے باہر نکلیں ورنہ مکانات میں ہی خود کو محدود رکھیں تاکہ بارش کے نقصانات سے بچ سکیں ۔ بارش سے متعلق امدادی کاموں کیلئے مجلس بلدیہ نے دو ٹیلی فون نمبرس جاری کئے ہیں جو 040-21111111 اور 9000113667 ہیں۔ اسی دوران شہر کے علاقہ جات میاں پور، چندا نگر، لنگم پلی، کوکٹ پلی، باچو پلی، پرگتی نگر، موسیٰ پیٹ، حیدرنگر، ملکاجگری، کشائی گوڑہ، چرلہ پلی، کیسرا، نظام پیٹ، نریڈ میٹ، امیر پیٹ، ایرا گڈہ، صنعت نگر، پنجہ گٹہ، جوبلی ہلز، اپل، رامنتا پور، بوڈاپل، نامپلی، عابڈز، کوٹھی، بشیر باغ، نارائن گوڑہ، حمایت نگر، خیریت آباد، میڑچل، عنبرپیٹ، کاچیگوڑہ، نلہ کنٹہ،گول ناکہ اور پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں ایک گھنٹہ سے زائد تک موسلا دھار بارش نے کئی علاقوں کو جل تھل کردیا ہے۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی ملی ہیں۔ سڑک پر پانی جمع ہونے کے سبب نئے شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام رہی۔ شہر میں بیشتر مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی تھیں ۔ حالانکہ اتوار کے سبب ٹریفک کا مسئلہ زیادہ نہیں تھا تاہم بیشتر مقامات پر گاڑی رانوں کو پانی کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
مشیرآباد میں کار میں پھنسے
چار افراد کو بچالیا گیا
اسی دوران سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور نے ویسٹ زون کے علاقوںکا دورہ کرتے ہوئے بلدی عملے کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے کیلئے بلدی عملے کو متحرک کیا گیا۔ اسی دوران مشیرآباد کے علاقہ میں رام نگر اسٹریٹ نمبر 17 میں پانی کے تیز بہاؤ میں ایک کار پھنس گئی۔ کار میں سوار افراد باہر نکلنے کی ناکام کوشش کرتے رہے لیکن کار تقریباً ڈوبنے کے قریب تھی۔ مقامی افراد نے فوری پہنچ کر کار کے گلاسیس توڑ کر دروازے کھولے اور اس میں موجود چار افراد کوبچالیا جس پر مقامی عوام نے نوجوانوں کی ستائش کی اور اطمینان کی سانس لی۔1