حیدرآباد میں نلوں کو پانی کے اسمارٹ میٹرس لگانے آبرسانی بورڈ کا فیصلہ

   

خدمات کو توسیع دینے اور آمدنی میں اضافہ کرنے کے اقدامات۔ میٹرس میں چھڑ چھاڑ کی گنجائش نہیں ہوگی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس نے نلوں کے زیر التواء بلز کی وصولی کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا ہے ۔ مختلف علاقوں میں موجود واٹر میٹرس کی جگہ اسمارٹ میٹرس نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ میٹرس بلز آٹومیٹک جنریٹ کریں گے۔ ان میٹرس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ جتنا پانی سربراہ کیا جارہا ہے ، اس کے حساب سے صد فیصد بلز وصول کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میٹرو واٹرس ورکس کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر کے دیگر علاقو ںکے بہ نسبت آئی ٹی کوریڈار ، کونڈا پور، گچی باؤلی ، نانک رام گوڑہ ، مادھا پور، نارسنگی، میاں پور، شیر لنگم پلی جیسے علاقوں میں ہی پانی کے صد فیصد بلز وصول ہورہے ہیں۔ دیگر علاقوں میں بلز کی برابر وصولی نہیں ہورہی ہے جس کے پیش نظر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس نے اسمارٹ میٹرس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے حدود میں جملہ 13.80 لاکھ واٹر کنکشن ہیں جس سے ماہانہ 100 کروڑ روپئے کے بلز وصول ہورہے ہیں جبکہ صرف آئی ٹی کوریڈار میں 80 کروڑ روپئے کے بلز وصول ہورہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں تعمیرات بڑی تیزی سے ہورہے ہیں اور لوگ نل کے کنکشنس بھی لے رہے ہیں جس کے پیش نظر بورڈ نے ان نئی عمارتوں کے لئے اسمارٹ میٹرس نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماضی میں بھی بلز کی صد فیصد وصولی کے لئے اسمارٹ میٹرس نصب کرنے کی شروعات ہوئی تھی تاہم یہ پراجکٹ مکمل نہیں ہوسکا جس کی کئی وجوہات پائی جاتی ہیں لیکن اس مرتبہ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے اپنے اخراجات کو کم کرنے کیلئے نئے میٹرس نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جن علاقوں سے آبرسانی کا بل مناسب طریقہ سے وصول نہیں ہورہا ہے ، اس پر خصوصی نظر رکھیں اور بلز کی وصولی کیلئے اقدامات کریں۔ اس کے علاوہ مختلف کمپنیوں اور ہمہ منزلہ عمارتوں کی جانب سے زیر التواء بلز کی وصولی کیلئے بھی کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔2