حیدرآباد میں ووٹرس غریب ، نمائندہ دولت مند : محمد ولی اللہ سمیر

   

اس مرتبہ کانگریس پارٹی پارلیمانی نشست مجلس سے چھین لے گی ، روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی و کانگریس امیدوار حلقہ لوک سبھا حیدرآباد محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ اویسی بطور رکن پارلیمنٹ ارب پتی بن گئے مگر رائے دہندوں کی سطح غربت میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ اب کی بار تبدیلی آئے گی اور کانگریس پارٹی مجلس سے حیدرآباد پارلیمانی نشست چھین لے گی ۔ محمد سمیر ولی اللہ نے آج اسمبلی حلقہ کاروان میں بائیک ریالی منظم کی اور ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کیا ۔ اس ریالی میں اسمبلی حلقہ کاروان کانگریس کے انچارج عثمان الہاجری کے علاوہ دوسرے قائدین اور پارٹی کے کارکن موجود تھے ۔ رومان ہوٹل سے شروع ہونے والی بائیک ریالی گنبدان قطب شاہی ، قلعہ گولکنڈہ اور لنگر حوض سے ہوتے ہوئے پرانا پل پر اختتام کو پہونچی ۔ قبل ازیں ٹولی چوکی پر ایک جلسہ عام بھی منعقد ہوا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے امیدوار محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ مجلس کے صدر و امیدوار اسد الدین اویسی کا حلقہ لوک سبھا حیدرآباد پر گذشتہ 20 سال سے قبضہ ہے ۔ ان 20 سال کے دوران اویسی کے اثاثہ جات میں تقریبا 49 گنا اضافہ ہوا ہے ۔ 2004 میں پہلی مرتبہ مقابلہ کرنے والے اسد الدین اویسی نے انتخابی حلف نامہ میں اپنے اثاثہ جات صرف 39.02 لاکھ بتائے تھے ۔ 2009 میں 93.02 لاکھ 2014 میں 4.06 کروڑ 2019 میں 13 کروڑ ، 2024 میں 19 کروڑ روپئے بتایا ہے ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ دولت کمانے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ لیکن جمع کی گئی دولت اور آمدنی میں تضاد پایا جاتا ہے ۔ جس سے شکوک و شبہات کو تقویت پہونچتی ہے کے شاید یہ دولت اور اثاثہ جات بدعنوانیوں اور اراضیات پر قبضوں یا دیگر غیر قانونی طریقوں سے کمائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کے سربراہ چار ایکر اراضی پر ایک عالیشان محل میں رہتے ہیں جب کہ پرانے شہر کے 84 فیصد مسلمان 100 مربع فیٹ سے چھوٹے مکانات میں رہتے ہیں ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ اویسی کی دولت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔ مگر حیدرآباد کے رائے دہندوں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ ایک سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ پرانے شہر میں تقریبا 23 فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گذارتی ہے ۔ 15 فیصد طلبہ دسویں جماعت کے بعد تعلیم ترک کررہے ہیں ۔ 65 فیصد خاندان قرض کے دلدل میں مبتلا ہیں ۔۔ 2