نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کے مشورے پر مرکزی وزیر صحت ہرشوردھن کا مثبت ردعمل
حیدرآباد :۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے حیدرآباد کے جینوم ویالی میں ویکسین ٹسٹنگ سرٹیفکشن لیبارٹری کے قیام سے متعلق تلنگانہ حکومت نے مرکز سے جو مطالبہ کیا ہے ۔ اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کا مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرشوردھن کو مشورہ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کل ہرشوردھن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں ویکسین کی تیاری اور اس کی دوسری تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے ویکسین ٹسٹنگ سرٹیفکشن لیبارٹری قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ جس کی اخبارات میں شائع خبروں کو پڑھنے کے بعد وینکیا نائیڈو نے مرکزی وزیر صحت سے بات چیت کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ حکومت کے مطالبہ پر سنجیدگی سے غور کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے حیدرآباد ٹیکہ تیار کرنے کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد میں 600 کروڑ تیار کرنے کی گنجائش ہے ۔ لہذا تلنگانہ حکومت کی اپیل پر غور کرنا بے حد ضروری ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ کے مشورے پر مرکزی وزیر صحت نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ کو تیقن دیا ۔ مرکزی حکومت تلنگانہ حکومت کی اپیل پر سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی معیارات ، اور رہنمایانہ خطوط کی بنیادوں کا جائزہ لینے کے بعد ردعمل کا اظہار کرنا پڑتا ہے ۔ اس طرح کے صرف 7 ہی مراکز ہے ۔ جس کی وجہ سے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرنا پڑتا ہے ۔ آپ کے مشورے کا اعلیٰ سطحی طور پر جائزہ لینے کا نائب صدر جمہوریہ کو تیقن دیا ۔۔