حیدرآباد میں پہلی بار مقابلۂ اذان برائے جنوبی ہند آئندہ ماہ مقرر

   

ڈائرکٹر ایم این ریسرچ اینڈ ایجوکیشنل فائونڈیشن ظہیرالدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 27؍اگست (راست) ایم این ریسرچ اینڈ ایجوکیشنل فائونڈیشن کے زیر اہتمام حیدرآباد میں پہلی بار سائوتھ انڈیا اذان مقابلے 13 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔ ڈائرکٹر فائونڈیشن جناب محمد ظہیرالدین اور قاری محمد نصیرالدین منشاوی نے انہوں نے بتایا کہ محمد نذیرالدین مسابقہ اذان برائے جنوبی ہند جمعہ 13؍ستمبر کو صبح 9 تا 9بجے شب مسجد حسن بالانگر بنگلور ہائی وے میں منعقد ہوگا۔ اس مقابلہ میں تلنگانہ، آندھرا، کرناٹک، تاملناڈو اور کیرالا کے موذنین کے علاوہ اذان کا مظاہرہ کرنے والے حضرات حصہ لے سکتے ہیں۔ حصہ لینے والے امیدوار اپنی اذان کی ویڈیو واٹس اَیپ نمبر +91-6302845202 پر 27؍اگست کی صبح سے 6ستمبر کی رات 12بجے تک روانہ کرسکتے ہیں۔ ہر امیدوار کو اپنی اذان کی ویڈیو کے ساتھ نام عمر موبائل نمبر اور مقام کی تفصیلات لکھنی ضروری ہوگی اور اپنے ساتھ آدھار کارڈ یا کوئی شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔ جناب ظہیرالدین نے بتایا کہ اذان کے مقابلے سینئر اور جونیئر دو گروپس میں ہوںگے۔ جونیئر گروپ میں پانچ سال سے 15سال کی عمر تک اور سینئر گروپ میں 16سال سے 35سال تک کے امیدوار حصہ لے سکتے ہیں۔ دونوں گروپس میں پہلا مقام حاصل کرنے والے کو فی کس 50ہزار روپئے نقد، توصیفی سند کے ساتھ حضرت سیدنا بلال حبشی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت سیدنا عبداللہ ابن مکتوم رضی اللہ تعالیٰ عنہ گولڈ میڈلس دیئے جائیںگے۔ دوسرا انعام پانے والوں کو فی کس 25-25 ہزار روپئے نقد، توصیفی سند اور سلور میڈلس دیئے جائیںگے۔ تیسرا انعام پانے والوں کو فی کس 15-15 ہزار روپئے نقد، توصیفی سند اور برانز میڈلس دیئے جائیںگے۔ دونوں گروپس میں پانچ پانچ ہزار روپئے کے 10-10 ترغیبی انعامات دیئے جائیںگے۔ اس کے علاوہ دیگر منتخبہ موذنین کو فی کس دو ہزار روپئے اور توصیفی سند پیش کی جائے گی۔ تمام شرکاء کے لئے قیام و طعام کا مفت انتظام رہے گا۔ یہ مقابلے حافظ و قاری مولانا محمد نصیرالدین منشاوی کی زیر سرپرستی منعقد ہوںگے۔ جناب ظہیرالدین نے بتایا کہ اذان کے مقابلے کا مقصد معاشرہ میں موذنین کرام کی عزت، اہمیت اور ان کے مقام و مرتبہ سے متعلق شعور کی بیداری ہے۔ ساوتھ انڈیا میں اپنی نوعیت کے پہلے مقابلۂ اذان کو جناب محمد نذیرالدین مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔ سائوتھ انڈیا مقابلۂ قرأت کے کنوینرس محمد خلیل صلاح الدین (9866777742)، محمد ظہیرالدین (9866777743)، محمد نعیم الدین (9866777744) ہیں‘ جبکہ نگران و سرپرست حافظ و قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی خطیب جامع مسجد عالیہ گن فائونڈری (9393072196) ہیں۔