حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت حیدرآباد ڈیزل کی خریدی کے معاملہ میں ملک میں سب سے مہنگا شہر بن گیا ہے جہاں منگل کو ڈیزل کی قیمت 75 روپئے فی لیٹر تک پہنچ گئی ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں دسمبر سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ گذشتہ 10 دن میں قیمتوں میں فی لیٹر 1.23 روپئے تک اضافہ ہوگیا یعنی 29 دسمبر کو 73.77 روپئے سے 7 جنوری کو 75 روپئے ۔ تلنگانہ پٹرولیم ڈیلرس اسوسی ایشن نے قیمتوں میں اس اضافہ کو عالمی سطح پر فام تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے منسوب کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ ڈیلرس کے مطابق مختلف میٹرو پولیٹن شہروں میں ڈیزل کی قیمت فی لیٹر تھی دہلی ( 68.79 روپئے ) ، ممبئی ( 72.14 روپئے ) ، کولکتہ ( 71.15 روپئے ) ، بنگلورو ( 71.08 روپئے ) اور چینائی ( 72.69 روپئے ) ۔ پٹرول کی قیمتوں میں اسی طرح کا اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ اگر پٹرول کی قیمت 7 جنوری 2019 کو 72.67 فی لیٹر تھی تو یہ منگل کو 80.54 فی لیٹر رہی ۔ جب کہ ڈیزل کی قیمت 67.66 روپئے فی لیٹر سے 75 روپئے لیٹر تک پہنچ گئی ۔ ڈائنمک پرائسنگ سسٹم کے مطابق فیول کی ریٹیل قیمتوں کا انحصار عالمی سطح پر فام تیل کی قیمتوں پر منحصر ہوتا ہے ۔ جہاں آئیل مارکیٹنگ کمپنیاں پٹرول اور ڈیزل کی ڈومیسٹک شرحوں پر روزانہ کی اساس پر نظر ثانی کرتی ہیں ۔ اور تبدیلیوں پر صبح 6 بجے سے عمل درآمد کرتی ہیں ۔۔