کانگریس پارٹی کا مطالبہ ، بلدی حکام مچھروں کی افزائش پر قابو پانے میں ناکام
حیدرآباد۔27 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حیدرآباد میں ڈینگو ، ملیریا اور دیگر وبائی امراض میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے امراض کی روک تھام کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ حیدرآباد کانگریس مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ڈینگو ، ملیریا اور دیگر موسمی امراض کے ہزاروں کیسس درج ہوئے ہیں۔ جاریہ ماہ 100 سے زائد ڈینگو کے کیسس فیور ہاسپٹل سے رجوع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی جاریہ لہر کے دوران حکومت کو وبائی امراض کی روک تھام پر توجہ دینی چاہئے تاکہ بیک وقت کورونا اور دیگر امراض سے نمٹا جاسکے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں حالیہ بارش نے کئی علاقوں کو متاثر کردیا ہے۔ نشیبی علاقوں سے پانی آج تک خارج نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں مچھروں کی افزائش بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے ۔ شہر کی اہم سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں اور مکانات میں پانی داخل ہونے سے املاک کو بھاری نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے ساتھ ہی مچھروں کی افزائش کی روک تھام کیلئے بلدی عملہ کو متحرک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کچرے اور پانی کی صفائی میں بلدی عملہ ناکام ہوچکا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی سرگرمیوں ، میئر اور مخصوص عہدیداروں کے دوروں تک محدود ہوچکی ہیں۔ موجودہ صورتحال میں مانسون ایکشن پلان تیار نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں بخار ، سردی اور کھانسی جیسے عوارض ابھی بھی عروج پر ہیں جو کورونا کی ابتدائی علامات میں شامل ہیں۔ چیف منسٹر کے پاس وزارت صحت کا قلمدان ہے لیکن وہ حضور آباد کے ضمنی چناؤ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کی سطح پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس پارٹی عوام میں امراض کی روک تھام کیلئے شعور بیداری مہم چلائے گی۔
