حیدرآباد میں ڈینگو کی وباء ، بلدیہ کو فوری متحرک ہونے کی ضرورت

   

مچھروں کی افزائش کو روکنے صاف و صفائی و مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ ناگزیر
حیدرآباد۔ شہر میں ڈینگو کی وباء کے خطرات میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو فوری متحرک ہوتے ہوئے نہ صرف رہائشی و تجارتی علاقوں میں صفائی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے بلکہ شہر حیدرآباد کے قبرستانوں میں بھی صفائی کو یقینی بنانے اور کچہرے کی نکاسی کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ شہر حیدرآباد میں شہری سب سے زیادہ دواخانوں اور قبرستانوں کو جانے لگے ہیں جہاں صفائی کے انتظامات ناگزیر ہیں۔ شہر کے رہائشی علاقوں میں صفائی کے انتظامات اور کچہرے کی نکاسی کے علاوہ سڑکوں پر پانی کے بہائو کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جانے ضروری ہیں کیونکہ ڈینگو کی وباء کی صورت میں شہر حیدرآباد سنگین ہیلت ایمرجنسی کا شکار بن سکتا ہے جبکہ کئی خانگی کلینکس اور دواخانوں میں مریضوں کی تشخیص نہیں کی جا رہی ہے جس کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے کچہرے کی نکاسی کے عمل کو بہتر بناتے ہوئے رہائشی علاقوں میں وبائی امراض کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے شہر میں ڈینگو کی وباء کے پھیلنے کے امکانات کا خدشہ ظاہر کئے جانے کے باوجود شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اختیار کردہ رویہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کوصحت عامہ کی کوئی پرواہ نہیں ہے اسی لئے کچہرے کی نکاسی کے علاوہ صفائی کے انتظامات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔پرانے شہر کے علاقوں میں روزانہ کے اساس پر کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنانے کے علاوہ صفائی کے عمل کو لازمی کیا جانا ضروری ہے اور شہریوںکو بھی چاہئے کہ وہ نہ صرف اپنے گھروں ‘ گلیوں کی بلکہ محلوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے محلہ میں صفائی کو بہتر بنائے رکھیں کیونکہ وبائی امراض کسی ایک کو شکار نہیں بناتے بلکہ وبائی امراض کسی کو بھی اپنا شکار بنا سکتے ہیں اسی لئے شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داری محسوس کرنی چاہئے ۔