حیدرآباد میں کئی ہزار شادیاں ملتوی ،آن لائن نکاح لاک ڈاؤن کے بعد وداعی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی میزبانی اور یہاں کی شادیوں کی تقاریب ساری دنیا میں مشہور ہیں اور موسم گرما تو شادیوں کا سیزن ہوتا ہے جس کیلئے کئی ماہ پہلے ہی شادی خانے بک ہوجاتے ہیں لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے موسم گرما میں شادیوں میں رکاوٹ پڑ گئی ہے لیکن امید کی جاسکتی ہے کہ آن لائن نکاح اور لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد وداعی کے امکانات ہیں۔ شہر بھر میں 21 دن کے لاک ڈاؤن سخت سے سخت ترین ہونے کے ساتھ ہی اگلے ایک ماہ کے دوران طے شدہ مسلم برادریوں میں شادیاں ملتوی کردی گئیں۔ہجری مہینے شعبان کے دوران کئی ہزار شادیاں شہر بھر میں ہونے والی تھیں۔ اس مرتبہ اپریل میں کئی ہزار شادیاں مقرر تھیں لیکن ان میں اب تقریبا شادیاں ملتوی ہوچکی ہیں حالانکہ کئی خاندانوں کے ذہن میں آن لائن نکاح کا متبادل راستہ ہنوز موجود ہے۔قاضی حبیب احمد بن سلام العطاس ، جو چندرائن گٹہ کے علاقے اور اس کے آس پاس شادیوں کو انجام دیتے ہیں انہوں نے موجودہ حالات اور شادیوں کے تناظر میں کہا کہ لوگ نکاح ملتوی کرنے کے بارے میں فونس کررہے ہیں اور مطلع کررہے ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے اس وقت نئی تاریخوں کا تعین نہیں کیا جا رہا ہے۔شہر کے متعدد ہال کئی مہینوں پہلے ان شادیوں کے لئے بک کیے گئے تھے اورکیٹررز، ایونٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور شادی کے انتظامات سے متعلق دیگر ایجنسیوں کے ساتھ آرڈر دئے گئے تھے۔کوٹلہ علیجاہ کے ایک کاروباری شخص شبیر احمد نے کہا کہ میرے بھائی کی شادی اپریل کے دوسرے ہفتے میں مقرر تھی۔خوش قسمتی سے ہم نے دعوت نامے تقسیم نہیں کیے۔ معاملات طے پانے کے بعد، ہم نئی تاریخ طے کریں گے۔کیٹرنگ ایجنسی چلانے والے محمدعرفان نے کہا کہ رمضان تک متعدد افراد نے شادیوں کو منسوخ کردیا ہے۔ فریقین کے ساتھ مالی معاملات بعد میں حل ہوجائیں گے۔ پہلے ہی ہم نے سازوسامان اور مرغی کے لئے سربراہی کرنے والوں کو کچھ رقم ادا کردی تھی۔ مجھے امید ہے کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ کوئی حل نکالیں کریں گے جنہوں نے ہمارے ساتھ آرڈر دیا۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے چونکہ کورونا وائرس کیخلاف کئے جانے والے اقدامات میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اب شادیوں کے روایتی اعتبار سے انجام پانا ممکن نہیں ہے لہذا حالات معمول آنے تک آن لائن نکاح کے واقعات میں اضافہ ممکن ہے کیونکہ رواں ہفتہ ہندوستان کی ریاست بہار کے شہر بیگوسرائے میں دوبہنوں راحت پروین اور نغمہ پروین کا آن لائن نکاح ہوا ہے جس نے ان حالات میں مسلم سماج کو ایک نیا تجربہ کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔