امیرپیٹ اور ٹولی چوکی سیوا کیندرا کی دوسرے مقامات منتقلی: مرکزی وزارت خارجہ
حیدرآباد۔14۔ستمبر ۔ (سیاست نیوز) مرکزی وزار ت خارجہ نے شہر حیدرآباد میں کسی نئے پاسپور ٹ سیوا کیندر کی منظوری نہیں دی ہے بلکہ 16 ستمبر کو مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میٹرو کے عمارت میں جو پاسپورٹ سیوا کیندر شروع کیا جائے گا وہ دراصل امیر پیٹ آدتیہ ٹریڈ سنٹر میں خدمات انجام دینے والے پاسپورٹ سیوا کیندر کی یہاں منتقلی کے بعد پرانے شہر میں خدمات انجام دے گا۔ اسی طرح 16ستمبر سے ٹولی چوکی شیخ پیٹ نالہ کے قریب آنند سیلیکان میں خدمات انجام دینے والے پاسپورٹ سیوا کیندر کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی جو کہ ٹولی چوکی سے منتقل ہونے کے بعد رائے درگ میں شروع کیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے تین پاسپورٹ سیوا کیندر جن میں بیگم پیٹ پاسپورٹ سیواکیندر ‘ امیر پیٹ پاسپورٹ سیوا کیندر‘ اور ٹولی چوکی پاسپورٹ سیوا کیندر شامل تھے جن میں امیر پیٹ پاسپور ٹ سیوا کیندر اور ٹولی چوکی پاسپورٹ سیواکیندر کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ مرکزی وزارت خارجہ اور حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعد امیر پیٹ میں خدمات انجام دینے والے پاسپورٹ سیوا کیندر کو پرانے شہر کے علاقہ چادرگھاٹ میں موجود مہاتما گاندھی میٹرو اسٹیشن میں منتقل کیا جائے گا جبکہ ٹولی چوکی خدمات انجام دینے والے پاسپورٹ سیوا کیندر کی رائے درگ میں موجود سیری بلڈنگ میں منتقلی عمل میں لائی جائے گی ۔ابتداء میں پرانے شہر میں نئے پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام کو اس انداز میں پیش کیاگیا کہ مرکزی حکومت کی وزارت خارجہ کی جانب سے شہر حیدرآباد کے لئے طویل مدت سے کی جانے والی نمائندگیوں پر مرکزی وزارت خارجہ مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاسپورٹ کیندر کے قیام کو منظوری دی ہے لیکن اب جبکہ حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کے عہدیداروں نے نئے مقامات جہاں پر پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کئے جا رہے ہیں ان کا دورہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیا تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ شہر حیدرآباد میں کوئی نیا پاسپورٹ سیوا کیندر قائم نہیں کیا جا رہاہے اور نہ ہی مرکزی وزارت خارجہ نے کسی نئے پاسپورٹ سیوا کیندر کو منظوری دی ہے بلکہ 16 ستمبر سے رائے درگ کے علاوہ پرانے شہر میں جو پاسپورٹ سیوا کیندر شروع کئے جا رہے ہیں وہ ٹولی چوکی اور امیر پیٹ میں موجود مراکز کی منتقلی کے نتیجہ میں یہاں شروع کئے جا رہے ہیں۔ 3