دنیا بھر سے کئی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے 17 فروری ، 18 فروری ، 19 فروری کو سہ روزہ بائیو ایشیا کے 17 ویں ایڈیشن کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ حیدرآباد میں منعقد کیے جانے والے اس پروگرام کا عنوان ’ آج برائے کل ‘ رکھا گیا ہے ۔ اس موقع پر لائف سائنس کمپنیوں کی جانب سے آج سرمایہ کاری کی صلاحیتوں پر توجہ دی جائے گی تاکہ کل کو بہتر بنایا جاسکے ۔ بائیو ایشیا نے عالمی صنعتی عہدیداروں ، محققین ، پالیسی سازوں ، اختراعی اقدامات کے ماہرین اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ وزیر صنعت کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بائیو ایشیا میں شرکت کرنے والوں کے لیے شہر حیدرآباد کا انفراسٹرکچر پرکشش ہوگا ۔ اور وہ اس شہر میں بہترین سہولتوں کو دیکھ کر سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کریں گے ۔ حیدرآباد میں فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اس ایڈیشن میں ہندوستانی سائنسی زندگی ، روزگار ، صنعت ، میڈیکل ڈیوائس اور ڈیجیٹل ہیلت پر توجہ دیتے ہوئے سلسلہ وار اظہار خیال کیا جائے گا ۔