حیدرآباد27جنوری(یواین آئی) حیدرآباد کے فیور اسپتال میں تین افراد کو داخل کروایاگیا ہے جن پر شبہ ہے کہ یہ افراد چین کے کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ان مریضوں کے لئے اسپتال نے علحدہ وارڈ قائم کیا ہے ۔ڈاکٹرس نے ان کے خون کے نمونے حاصل کئے اور پونے کے لیب کو جانچ کے لئے ان نمونوں کو بھیجا گیا ہے ۔ 25سالہ نوجوان امرناتھ ریڈی چین سے حال ہی میں حیدرآباد واپس ہوئے ۔انہوں نے بے چینی کی شکایت کی جس کے بعد ان کو فیور اسپتال سے رجوع کیاگیا۔ڈاکٹرس جنہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ وہ چین میں پھیلے اس موذی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں نے ان کے خون کے نمونوں کو پونے کے لیب بھیجا اور ان کا علاج اسپتال میں جاری ہے ۔اسی دوران مزید دو افراد جن پر شبہ ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں کو اسپتال میں داخل کرلیاگیا ہے ۔ان تینوں کا اسپتال میں علاج کیاجارہا ہے ۔اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے شنکر نے یہ بات بتائی۔مرکزی حکومت نے تمام ایرپورٹ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام مسافرین بالخصوص چین سے واپس ہونے والے مسافرین کی خصوصی جانچ ایرپورٹ پر کی جائے ۔