حیدرآباد میں کورونا ٹسٹنگ سنٹر قائم کیا جائے پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس رکن بی بی پاٹل کا مطالبہ

   

حیدرآباد: ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں کورونا ویکسین ، ٹسٹنگ اور سرٹیفکٹ سنٹر قائم کیا جائے۔ پارلیمنٹ میں نیشنل کمیشن فار الائیڈ اینڈ ہیلت کیر پروفیشن بل کی ٹی آر ایس نے تائید کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل نے بل پر مباحث میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ہندوستان کو دوبارہ اپنی زد میں لینے کیلئے تیار ہے ۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے کیسس میں اضافہ ہوا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ نئے قانون کے ذریعہ ملک میں بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے میڈیکل ایمرجنسی کے مسائل کو حل کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے ذریعہ تجربہ کار ڈاکٹرس کو عوامی خدمت کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے تلنگانہ میں میڈیکل کالجس کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے 157 میڈیکل کالجس منظور کئے ہیں، ان میں سے ایک بھی تلنگانہ کیلئے منظور نہیں کیا گیا ۔ ٹی آر ایس رکن نے کہا کہ حیدرآباد ویکسین کے دارالحکومت میں تبدیل ہوچکا ہے اور ویکسین انڈسٹری حیدرآباد سے فروغ حاصل کر رہی ہے ، لہذا مرکز کو حیدرآباد میں ویکسین ، ٹسٹنگ سنٹر قائم کرنا چاہئے ۔ اس طرح کا سنٹر ہماچل پردیش میں قائم کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں قیام کیلئے تمام درکار انفراسٹرکچر سہولتیں موجود ہیں۔