حیدرآباد /3 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں مرکزی گنیش جلوس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ جلوس کے گذر گاہوں اور حساس علاقہ کو سٹی پولیس کی جانب سے عملاً اپنے محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ جلوس کی گذر گاہوں پر موجودہ عبادات گاہوں کو پردوں سے ڈھانک دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی شر انگیزی اور ناخوشگوار واقعات کو روکنے اور قابو پانے کیلئے مکمل چوکسی اختیار کی جارہی ہے اور 6 ستمبر مرکزی وسرجن کے دن شہر میں تقریباً 30 ہزار پولیس فورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند کی نگرانی میں آج روڈ میاپ کا معائنہ کیا گیا ۔ بالاپور تا حسین ساگر مرکزی گنیش جلوس کے راستہ کی جانچ کی گئی ۔ اس موقع پر کلکٹر حیدرآباد ہری چندرنا کمشنر جی ایچ ایم سی ، رچہ کنڈہ کمشنر سدھیر بابو ،حیڈرا کمشنر رنگاناتھ کے علاوہ ٹرانسپورٹ ، ٹرانسکو آر اینڈ بی ، واٹر ورکس ، بلدیہ و دیگر محکموں کے اعلی عہدیدار اور رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کے ویشویشور ریڈی اور دیگر موجود تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے بتایا کہ مرکزی وسرجن کیلئے تمام تر تیاریوں کو مکمل کرلیا گیا ہے اور ہر دن ہر زون میں دورہ کرتے ہوئے عوام میں اعتماد کی بحالی اور پرسکون ماحول کو برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے دن 20 ہزار سٹی پولیس کا عملہ اور 9 ہزار بیرونی ریاستوں کی پولیس بشمول نیم فوجی دستے تعینات رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ آخری دن حسین ساگر میں 25 ہزار مورتیاں وسرجن کی جائیں گی اور ان 10 دنوں کے دوران حسین ساگر میں کل 50 ہزار مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا ۔ سی وی آنند نے بتایا کہ نکلس روڈ اور حسین ساگر کے اطراف کل 24 بڑے کرین نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ کئی دنوں سے گنیش جلوس کے سلسلہ میں مختلف محکموں کے اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں اور آج انٹر ڈپارٹمنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعہ روڈ میاپ کا دورہ کیا گیا ۔19 کیلومیٹر طویل اس راستہ پر خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اور بنیادی سہولیات گو ترجیحی بنیاد پر تکمیل کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے اور شہر کے مختلف زونس میں خصوصی اقدامات اور سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون حیدرآبادسنیہا مہرا کے علاوہ پولیس کے دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔ ع