حیدرآباد میں ’’ گولڈ اڈلی ‘‘ عوام کی توجہ کا مرکز

   

Ferty9 Clinic

1200 روپئے میں 2 اڈلی، پیشکشی کے منفرد انداز سے شائقین متاثر

حیدرآباد۔/19 جولائی ( سیاست نیوز) حیدرآباد دنیا میں منفرد غذاؤں کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ شہر کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں نت نئے پکوان اور انہیں پیش کرنے کا انداز غذاؤں کے شائقین کو اپنی جانب راغب کرنے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ حیدرآباد نے ہمیشہ لذیذ غذاؤں کے شائقین کو چونکا دینے کا کام کیا ہے۔ اڈلی کے بارے میں تو ہر شخص واقف ہے کیونکہ یہ غریبوں اور دولت مندوں کی یکساں پسندیدہ غذا ہے۔ اڈلی کو ’’ گولڈ اڈلی‘‘ کی طرح پیش کرتے ہوئے بنجارہ ہلز کی ایک کیفے نے حیدرآبادیوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ بنجارہ ہلز میں واقع کرشنا اڈلی کیفے نے 24 کیاریٹ گولڈ اڈلی متعارف کیا ہے جس کی قیمت فی پلیٹ 1200/- روپئے مقرر کی گئی ہے۔ پلیٹ میں 2 اڈلی ہوتے ہیں جنہیں غیر معمولی طریقہ سے سجاوٹ کے بعد پیش کیا جاتا ہے جس میں گلاب کی پتیاں اور غذا کے طور پر استعمال ہونے والا سونے کا ورق شامل ہوتا ہے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ اڈلی شائقین کو پیش کی جاتی ہے۔ بنجارہ ہلز کی اس کیفے میں گولڈ اڈلی صاحب استطاعت افراد کیلئے مرغوب غذا بن چکی ہے۔ اس کیفے کے کنگ کوٹھی اور سکندرآباد میں بھی برانچس ہیں۔ حیدرآباد نے وقفہ وقفہ سے لذیذ غذاؤں کو دنیا بھر میں متعارف کیا جن میں بریانی اور حلیم کو غیر معمولی مقبولیت ملی ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر مختلف اقسام کے اسناکس شام کے اوقات میں شہر کے کئی مصروف ترین علاقوں میں ہزاروں افراد کیلئے دستیاب ہیں اور شہر کے کئی علاقے فوڈ کورٹ میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ شہر کے مشہور ہوٹلوں اور کیفے میں غذاؤں کو خوبصورتی کے ساتھ پیش کرنا ایک فن کی شکل اختیار کرچکا ہے جس کے ذریعہ گاہکوں کو راغب کیا جاتا ہے۔ گولڈ دوسہ، گلاب جامن بھجی اور ملائی کھویا گلاب جامن معہ بن کے مقبول ہونے کے بعد گولڈ اڈلی متعارف کی گئی۔ر