حیدرآباد میں ہر گھر کو 20 ہزار لیٹر مفت پانی سربراہی اسکیم کی تیاریاں

   


آدھار کارڈ کا لزوم، اپارٹمنٹس کے بارے میں فیصلہ ہنوز باقی

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہر گھر کو 20 ہزار لیٹر پانی کی مفت سربراہی سے متعلق کے سی آر حکومت کے وعدہ کی تکمیل کیلئے محکمہ بلدی نظم و نسق نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے علاوہ شہر سے متصل میونسپلٹیز کے حدود میں اس اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ استفادہ کنندگان کو آدھار پیش کرنا لازمی رہے گا جس کے تحت وہ بہتر اور بلا رکاوٹ اسکیم سے استفادہ کرپائیں گے۔ توقع ہے کہ اس اسکیم سے 984940 مکانات کو فائدہ ہوگا۔ پانی کے نئے گھریلو کنکشن کی اجرائی کے موقع پر عوام کو اسکیم سے مربوط کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر بلدی انتخابات کے موقع پر ہر گھر کو 20ہزار لیٹر مفت پانی کی سربراہی کا وعدہ کیا تھا تاہم محکمہ بلدی نظم و نسق نے اس بات کی وضاحت نہیں کی ہے کہ اپارٹمنٹس اور گیٹیڈ کمیونٹیز کو کس حد تک پانی مفت سربراہ ہوگا۔ جی او 211 مورخہ 2 ڈسمبر کے مطابق محکمہ بلدی نظم و نسق ماہانہ 20 ہزار لیٹر پانی کی مفت سربراہی اسکیم پر عمل کرے گا۔ یہ سہولت صرف گھریلو صارفین تک محدود رہے گی۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے آدھار کی تفصیلات پیش کرنا ضروری ہے۔ آدھار کی عدم موجودگی کی صورت میں پوسٹ آفس پاس بک معہ تصویر، بینک یا پیان کارڈ، پاسپورٹ، راشن کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ، منریگا کارڈ، کسان فوٹو پاس بک، ڈرائیونگ لائسنس اور کسی عہدیدار مجاز کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ معہ تصویر قبول کیا جائے گا۔