حیدرآباد میں 10500 کروڑ کی سرمایہ کاری سے آرٹیفیشل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر کلسٹر کا قیام

   

ٹوکیو میں NTT کمپنی سے یادداشت مفاہمت، دنیا کی تیسری بڑی کمپنی کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے استقبال کیا
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) جاپان میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ کے موقع پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں معاہدات کا سلسلہ جاری ہے۔ جاپانی کمپنیNTT DETA نے تلنگانہ میں 10500 کروڑ کی سرمایہ کاری سے آرٹیفیل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر کلسٹر کے قیام سے اتفاق کیا ہے۔ این ٹی ٹی ڈیٹا کمپنی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئی ٹی خدمات میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ تلنگانہ حکومت اور کمپنی کے نمائندوں کے درمیان سہ رُخی یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ کمپنی نے اسی شعبہ میں سرگرم ایک اور ادارہ NEYSA نیٹ ورک کے اشتراک سے حیدرآباد میں آرٹیفیشل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر کلسٹر کے قیام سے اتفاق کیا۔ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ رائزنگ ٹیم کے عہدیدار موجود تھے۔ این ٹی ٹی ڈیٹا اور نائیسا نیٹ ورک کے سینئر عہدیداروں کے علاوہ SVP کارپوریشن کے بورڈ ممبر کین کتسواما ، ڈائرکٹر این ٹی ٹی ڈیٹا تڈائیکی نشیمارا، منیجنگ ڈائرکٹر این ٹی ٹی گلوبل ڈیٹا سنٹر الوک باجپائی اور نائیسا کے کوفاؤنڈر و چیف ایگزیکیٹو آفیسر شرت سانگھی اور دوسرے موجود تھے۔ حیدرآباد میں کمپنی کی سرگرمیوں میں وسعت کے ذریعہ 400 میگا واٹ صلاحیت کا ڈیٹا سنٹر کلسٹر قائم کیا جائے گا۔ این ٹی ٹی ڈیٹا اور نائیسا مشترکہ طور پر اس پراجکٹ کے قیام میں اہم رول ادا کریں گے۔ تلنگانہ رائزنگ ٹیم نے کہا کہ ڈیٹا سنٹر کے قیام سے آرٹیفیشل انٹلیجنس کے شعبہ میں تلنگانہ کی نمایاں ترقی ہوگی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے تمام ضروری انفرااسٹرکچر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ میں سازگار ماحول موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاپانی اداروں اور تلنگانہ کے درمیان طویل مدتی اشتراک کو فروغ حاصل ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام کی جانب سے جاپانی صنعت کاروں اور اداروں کا تلگو زبان میں شکریہ ادا کیا۔ این ٹی ٹی ڈیٹا کا ہیڈکوارٹر ٹوکیو میں ہے اور 50 سے زائد ممالک میں اس کے 193000 ملازمین ہیں۔ کمپنی کو ملک کی ٹاپ ۔3 آرٹیفیشل انٹلیجنس کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 1