حیدرآباد میں 150 الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن کا منصوبہ

   

ریاست بھر میں مزید 1000 مراکز قائم ہوں گے
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ رینیوبل اینرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے الیکٹرانک گاڑیوں کے 96 چارجنگ اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چارجنگ اسٹیشنس کا قیام عمل میں آئے گا۔ نظام آباد ضلع میں 55 اور کاماریڈی میں 41 چارجنگ اسٹیشنس قائم کئے جائیں گے۔ ریڈکو نے پراجیکٹ کے سلسلہ میں خواہشمند اداروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ متحدہ نظام آباد ضلع میں چارجنگ اسٹیشنوں کے لیے 4 ستمبر تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع انتظامیہ نے چارجنگ اسٹیشنوں کے مقامات کی نشاندہی کرلی ہے۔ 10 سال کی مدت کے لیے آپریٹرس کو الاٹ کئے جائیں گے اور انہیں اپنے خرچ پر اسٹیشن قائم کرنا ہوگا۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کے رجحان کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں تاحال 425 چارجنگ اسٹیشن قائم کئے گئے جو سرکاری اور خانگی شعبہ کے تحت ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 150 اسٹیشنوں کے قیام کا منصوبہ ہے جن میں سے تاحال 60 قائم کردیئے گئے۔ ریاستی حکومت آئندہ چند ماہ میں مزید 1000 چارجنگ اسٹیشن اور 2025ء تک 3000 اسٹیشنوں کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔