حیدرآباد میں 16 ستمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ، 17 ستمبر کو پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ

   

کانگریس کے قومی قائدین کا تین دن شہر میں قیام رہے گا ، 18 ستمبر کو اسمبلی حلقہ جات میں دورہ، اسمبلی کی انتخابی مہم کا آغاز
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے نو تشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد میں 16 اور 17 ستمبر کو کانگریس کے تمام اہم قائدین اور مختلف ریاستوں کے صدور پردیش کانگریس اور سی ایل پی لیڈرس قیام کریں گے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے حق میں لہر پیدا کرنے کیلئے نو تشکیل شدہ ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کا پیشکش کیا تھا جسے ہائی کمان نے قبول کرلیا ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 16 ستمبر کو ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں مستقل ارکان اور خصوصی مدعوئین شرکت کریں گے۔ 17 ستمبر کو ورکنگ کمیٹی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوگا جس میں ورکنگ کمیٹی ارکان ، کانگریس پارلیمانی پارٹی کے صدرنشین ، سی ایل پی لیڈرس اور پارلیمانی پارٹی کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ حیدرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر 17 ستمبر کی شام جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ جلسہ عام میں تلنگانہ عوام کیلئے کانگریس کی جانب سے 5 اعلانات کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے عوام کے لئے پانچ ضمانتوں کا فیصلہ کیا ہے ۔ کے سی وینو گوپال کے مطابق 18 ستمبر کو ورکنگ کمیٹی کے ارکان ، صدور پردیش کانگریس اور دیگر اہم قائدین تلنگانہ کے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے ۔ 18 ستمبر سے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پیش نظر ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی حلقہ جات کے دورہ سے استثنیٰ رہے گا۔ وینو گوپال کے مطابق سینئر قائدین اپنے اپنے الاٹ کردہ اسمبلی حلقہ جات میں صبح سے شام تک قیام کریں گے ۔ صبح میں ورکرس میٹنگ ہوگی اور گھر گھر پہنچ کر کانگریس کی پانچ ضمانتوں کی تفصیل حوالے کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ بی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کی جائے گی ۔ دوپہر میں سماج کے بااثر افراد کے ساتھ کمیونٹی لنچ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ شام میں 5 تا 6 بجے کے درمیان بھارت جوڑو مارچ منعقد کیا جائے گا جو مہاتما گاندھی، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور کمرم بھیم کے مجسموں کے پاس پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگا۔ کرناٹک میں کامیابی کے بعد کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ورکنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے سبب کانگریس کے تمام قومی قائدین تین دن تک تلنگانہ میں مصروف رہیں گے اور پارٹی کو یقین ہے کہ تین روزہ قیام سے نہ صرف پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہوں گے بلکہ پارٹی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز ہوگا۔ ورکنگ کمیٹی اجلاس اور پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ، سابق صدور سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے علاوہ کانگریس برسر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور دیگر ریاستوں کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرس شرکت کریں گے ۔ ملک بھر کے تمام اہم قائدین کی حیدرآباد میں موجودگی کے ذریعہ کانگریس پارٹی اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی سمت پیشرفت کرنا چاہتی ہے ۔