حیدرآباد میں 17 ستمبر کو مرکزی گنیش وسرجن جلوس

   

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں 7 تا 17 ستمبر گنیش اتسو تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور 17 ستمبر کو مرکزی جلوس نکالا جائے گا۔ بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سمیتی کے صدر راگھو ریڈی اور جنرل سکریٹری راجہ وردھن ریڈی نے بتایا کہ گنیش تہوار کے تحت گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک لاکھ سے زائد منڈپ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مرکزی جلوس کے موقع پر بہتر انتظامات کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وسرجن جلوس دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد جلوس ہوتا ہے۔ کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد یہ پہلا گنیش وسرجن جلوس ہے۔ حکومت سے درخواست کی گئی کہ اتسو تقاریب کے دوران بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 45 برسوں سے وسرجن جلوس نکالا جارہا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع 24 اسمبلی حلقہ جات اور 8 میونسپل کارپوریشنوں کیلئے علحدہ کنوینرس کا تقرر کیا گیا۔1