حیدرآباد میں 19 جنوری کو یوتھ لیڈر شپ کانفرنس

   

انا ہزارے افتتاح کریں گے ۔ 110 ملکوں کے مندوبین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں 19 اور 20 جنوری کو تلنگانہ جاگروتی انٹرنیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ اس دو روزہ کانفرنس میں 110 ملکوں سے زائد از 500 مندوبین شرکت کریں گے ۔ نظام آباد رکن پارلیمنٹ کویتا بانی صدر تلنگانہ جاگروتی اس کانفرنس کی میزبانی کریں گی ۔ سماجی جہدکار انا ہزارے کانفرنس کا افتتاح انجام دیں گے ۔ کانفرنس میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس کانفرنس کا اصل مقصد مہاتما گاندھی کی راہ پر قابل لحاظ ترقی اور اختراعی اقدامات ہوگا ۔ کویتا نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور کانفرنس کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا ۔ ایجنڈہ کے مطابق تلنگانہ جاگروتی انٹرنیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس 2019 کے ذریعہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ترقی دینا ہے ۔ مختلف عالمی مسائل سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی جانب توجہ دلانا ہے ۔ اس کانفرنس میں حصہ لینے والے مندوبین اپنے تجربات اور منصوبوں کو پیش کرتے ہوئے اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر زور دیں گے ۔ کانفرنس میں پیانل مباحث بھی ہونگے ۔۔

بی سی طلبہ اوور سیز اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کی طلبی
حیدرآباد ۔ 12 جنوری (این ایس ایس) مہاتما جیوتبھا پھولے بی سی اوورسیز ودیاندھی اسکیم کے تحت بی سی اور ای بی سی کے ایسے طلبہ جو پوسٹ گرائجویشن اور پی ایچ ڈی کورسیس میں زیرتعلیم ہیں، کو مالی امداد کی فراہمی کیلئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ یہ بات بی سی ویلفیر کمشنر نے بتائی۔ کمشنر نے بتایا کہ اہل امیدوار 16 جنوری تا 15 فبروری کے درمیان اپنی درخواستیں ویب سائیٹ
telanganaepass.cgg.gov.in
پر داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ درخواست گذاروں کے والدین یا سرپرستوں کی سالانہ آمدنی پانچ لاکھ سے کم رہنا چاہئے۔