حیدرآباد میں 200 بے سہارا اور یتیم بچوں کی نگہداشت کلکٹر حیدرآباد کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد: حیدرآباد میں حکام کی جانب سے 200 بے سہارا اور یتیم بچوں کی پرورش کا انتظام کیا جارہا ہے جن کے والدین یا پھر ان میں سے کسی ایک کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔ حکومت نے بے سہارا بچوں کی محکمہ بہبودیٔ خواتین و اطفال سے دیکھ بھال کا فیصلہ کیا ہے جسکے تحت بچوںکی مفت تعلیم و اسکالرشپ کا انتظام کیا جائیگا ۔ کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی نے مختلف محکموں کے حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی خواتین جنکے شوہر کی کورونا سے موت ہوئی ہے، انہیں بہبودیٔ خواتین و اطفال کے محکمہ نے آؤٹ سورسنگ ملازم کے طور پر رکھا جائیگا۔ حیدرآباد میں یتیم اور بے سہارا بچوں میں بعض ایسے ہیں جن کی عمر پانچ سال سے کم ہے۔ کئی رضاکارانہ تنظیموں نے ایسے بچوں کی کفالت کا پیشکش کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ کو درخواستیں موصول ہورہی ہیں جن میں بچوں کو گود لینے کی پیشکش کی گئی ۔ گریٹر حیدرآباد میں ایسے بے سہارا بچوں کی شناخت کیلئے ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا جائیگا۔