کانگریس کے اعلیٰ قائدین کی شرکت‘ 100 ممالک کے 450 عالمی مندوبین کی آمد متوقع
حیدرآباد۔22اپریل ( سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت کی جانب سے 25 اور 26 اپریل کو HICC(ہائی ٹیکس)، مادھا پور حیدرآباد میں بھارت سمٹ 2025 کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے مطابق اس تاریخی کانفرنس کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر سمردھ بھارت فاؤنڈیشن کے تعاون سے اس سمٹ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس نے غیر وابستہ تحریک کی بنیاد رکھی۔کانگریس لیڈر و لوک سبھا میں اپوزیشن قائد راہول گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پرینکا گاندھی اور کے سی وینوگوپال کے علاوہ پارٹی کے دیگر اعلی قائدین اس چوٹی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ یہ سمٹ عالمی امن اور انصاف میں ہندوستان کی وراثت کا احترام کرے گی۔ اس سمٹ کے ذریعہ اہم قائدین چیف منسٹر ریونت ریڈی کے تلنگانہ رائزنگ کے ترقیاتی وژن پر تبادلہ خیال کریں گے اور دنیا بھر کے سرمایہ کار اور کاروباری افراد تلنگانہ میں کیسے سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اس پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق بھارت سمٹ کے ایک سالانہ خصوصی پروگرام کے طور پر مقبول ہونے کی توقع ہے اور تلنگانہ حکومت مستقبل میں اس اقدام کی حمایت کر سکتی ہے۔دو روزہ عالمی سربراہی اجلاس میں عالمی پالیسی سازوں، تعلیمی اور سیاسی قائدین کے کلیدی خطابات اور فکر انگیز سیشنس ہوں گے اور اس دوران تلنگانہ کو مذاکرات‘ مساوات اور جامع ترقی کیلئے ایک متحرک بین الاقوامی مقام کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ سمٹ میں معاشی انصاف، آب و ہوا کے انصاف، تکثیریت، تنوع اور کثیرالجہتی کے اہم پہلوؤں پر غور وخوض کیا جائے گا بشمول سماجی بھلائی کیلئے راہول گاندھی کی جانب سے انصاف کے مطالبہ کو دہرایا جائے گا۔ اس سمٹ میں 100 سے زائد ممالک کے 450 عالمی مندوبین کی شرکت متوقع ہے جن میں کارپوریٹ سربراہان، اہم وزراء ، پالیسی ساز، ماہرین تعلیم اور سیول سوسائٹی کے قائدین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 25 بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے نمائندے بھی شامل ہوںگے۔اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کے مطابق بھارت سمٹ ریاست کو نئے عالمی تناظر میں خود کو کیسے پیش کریں اس کا موقع فراہم کرے گی۔ بھارت سمٹ 2025 سماجی، اقتصادی اور سیاسی ماڈلس پر نظر ثانی کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔