پہلے دن 45,000 افراد کو فائدہ، کے ٹی آر کی ہدایت پر جی ایچ ایم سی کی عمل آوری
حیدرآباد: حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا سے متاثرہ ہزاروں غریب خاندانوں کی مدد کے لئے انا پورنا کینٹین کے ذریعہ مفت غذا کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انا پورنا فوڈ اسکیم جس کے تحت پانچ روپئے میں غذا فراہم کی جاتی ہے ، حکومت نے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے مفت غذا کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع 250 انا پورنا کینٹین کے ذریعہ غذا کی سربراہی کا کل سے آغاز ہوگیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے اس سلسلہ میں عہدیداروںکو ہدایت دی تھی۔ ہر شخص کو 400 گرام چاول ، ترکاری کا سالن ، سامبر اور اچار سربراہ کیا جائے گا ۔ پہلے دن 45000 سے زائد افراد کو غذا فراہم کی گئی ۔ سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور میئر حیدرآباد وجئے لکشمی نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری تک یہ اسکیم جاری رہے گی۔ ہرے کرشنا مومنٹ چیاریٹیبل فاؤنڈیشن کے تحت دو کچن میں پکوان کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے غریبوں کو مفت کھانے کی سربراہی کی یہ اسکیم ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد اور پہلی اسکیم ہے۔ 2020 ء کے لاک ڈاؤن کے دوران کارپوریشن نے پانچ کروڑ سے زائد غذا کے پیاکٹس تقسیم کئے تھے ۔