حیدرآباد میں 30 ہزار کروڑ کے ترقیاتی کام

   

لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوں کی تعمیر، سرینواس یادو کا دورہ
حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل(سیاست نیوز) ریاستی وزیر اینیمل ہیسبنڈری سرینواس یادو نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 30,000 کروڑ کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے آج سکندرآباد اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران فلائی اوورس اور سڑکوںکی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ نکلس روڈ پر 26 کروڑ روپئے کی لاگت سے 6 کیلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ سکندرآباد بورڈس کلب کے قریب 25 لاکھ روپئے کی لاگت سے سیوریج لائین کا کام جاری ہے ۔ کواڈی گوڑہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام کام مقررہ وقت پر مکمل کرلئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت نہیں ہے، لہذا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے شہر کی ترقی کے بارے میں جس طرح امیدیں وابستہ کی ہیں، اسی کے مطابق ترقیاتی کام جاری ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر شہر کی ترقی پر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے عوام کو تمام احتیاطی قدم اٹھانی چاہئے ۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار ، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، رکن اسمبلی ایم گوپال اور دوسرے موجود تھے ۔