جی ایچ ایم سی کی ویب سائیٹ سے موجودہ کارپوریٹرس کی تفصیلات حذف
حیدرآباد: حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں 8 فروری تک 300 کارپوریٹرس رہیں گے ۔ موجودہ 150 کارپوریٹرس کی میعاد 8 فروری تک ہے ، ایسے میں منتخب ہونے والے 150 کارپوریٹرس منتخب کارپوریٹرس کی حیثیت سے حلف برداری تک برقرار رہیں گے ۔ موجودہ کارپوریشن کی میعاد کی تکمیل تک نئے ارکان کو حلف برداری کیلئے انتظار کرنا پڑے گا ۔ اسی دوران میونسپل کارپوریشن نے اپنے ویب سائیٹ سے موجودہ کارپوریٹرس کی تفصیلات کو حذف کردیا ہے۔ کارپوریشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا تھا ۔ تاہم میئر رام موہن اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کے ناموں کو ویب سائیٹ پر برقرار رکھا گیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کے نئے کارپوریٹرس منتخب ہوچکے ہیں ، لہذا ان کی تفصیلات ویب سائیٹ پر شامل کرنے کیلئے موجودہ کارپوریٹرس کے ناموں کو ہٹادیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ نئے کارپوریٹرس کے نام اور ان کی تفصیلات بہت جلد اپ لوڈ کردی جائیں گی ۔ کئی موجودہ کارپوریٹرس نے عہدیداروں کے اس اقدام پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس فیصلہ سے عوام کیلئے وہ جی ایچ ایم سی کے کارپوریٹرس باقی نہیں رہے۔