احتیاطی تدابیر میں عوامی کوتاہیاں، گذشتہ 7 دنوں کے دوران اضلاع میں کیسس میں اضافہ
حیدرآباد۔ کورونا کے کیسس کے اعتبار سے اگرچہ حیدرآباد سرِ فہرست ہے لیکن کنٹیمنٹ زونس کی تعداد کے لحاظ سے محبوب نگر ضلع ریاست میں سرِ فہرست ہے۔ ضلع محبوب نگر میں 191 کنٹیمنٹ زونس ہیں جبکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں یہ تعداد 92 ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زیادہ تر کنٹیمنٹ زونس محبوب نگر ٹاون میں ہیں۔ ٹاون میں 131 کنٹینمنٹ زونس کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ باقی دیہی علاقوں میں ہیں۔ ضلع عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کنٹیمنٹ زونس میں تحدیدات کی پابندی کریں اور گھروں تک محدود رہیں تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ دیہی علاقوں میں تحدیدات پر عمل آوری شہروں کے مقابلہ آسان ہے۔ شہروں میں عوام کی جانب سے جان بوجھ کر تحدیدات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ محبوب نگر ضلع میں کورونا متاثرین کی تعداد 715 ہوچکی ہے اور 24 اموات واقع ہوئیں۔ سابق محبوب نگر ضلع کے تحت نارائن پیٹ، گدوال، ونپرتی اور ناگرکرنول میں پازیٹیو کیسس کی تعداد 2144 ہوچکی ہے جبکہ 61 اموات واقع ہوئیں۔ محبوب نگر کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کئی علاقوں میں تاجرین نے رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ دکانداروں نے بڑے پوسٹرس نصب کئے اور عوام کو احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ سابق میں کنٹیمنٹ زون کے تحت شہری علاقوں میں ایک کلو میٹر اور دیہی علاقوں میں 5 کلو میٹر کا احاطہ کیا جارہا تھا لیکن تازہ شرائط کے مطابق علاقوں کو محدود کردیا گیا ہے۔ گذشتہ سات دن کے دوران کنٹینمنٹ زونس اور کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد اس طرح ہے: گریٹر حیدرآباد 92 زون، 4053 کیسس۔ سرسلہ : 48 زون، 185 کیسس۔ سنگاریڈی: 82 زون، 489 کیسس۔ محبوب نگر : 191 زون، 229 کیسس۔ گدوال : 46 زون، 130 کیسس۔ ونپرتی: 44 زون، 58 کیسس۔ رنگاریڈی: 156 زون، 1295 کیسس۔ محبوب آباد : 36 زون، 187 کیسس۔ کریم نگر: 57 زون، 518 کیسس اور منچریال میں 41 زون کے ساتھ 108 کیس منظر عام پر آئے ہیں۔
