بائیو ٹیکنالوجی کا اہم، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اڈوب سسٹم کے شنتانو نارائن سے ملاقات
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) امریکہ کی مشہور کمپنی ایمگن (AMGEN) نے حیدرآباد میں ٹیکنالوجی اور انوویشن پر مبنی نئے سنٹر کے قیام کا اعلان کیا۔ نئی اختراعی صلاحیتوں کو ڈیجیٹل صلاحیتوں کے ساتھ قائم کئے جانے والے اِس مرکز سے تلنگانہ میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کمپنی نے حیدرآباد کے پراجکٹ کو ایمگن انڈیا سے موسوم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا یہ مرکز ہائی ٹیک سٹی میں قائم کیا جائے گا اور ہائی ٹیک سٹی کے 6 فلورس پر سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ میڈیسن، لائف سائنسیس اور ڈیٹا سائنسیس میں کمپنی اپنا نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ریسرچ سنٹر میں 3 ہزار افراد کی گنجائش رہے گی۔ کمپنی کے ایکزیکٹیو وائس پریسیڈنٹ اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر ڈیوڈ ایم ریز نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہے سے کمپنی توسیعی منصوبے کو قطعیت دے رہی ہے۔ بائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں گزشتہ 40 برسوں سے کمپنی دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور پہلی مرتبہ ہندوستان میں اپنی سرگرمیوں کے آغاز کے لئے حیدرآباد کا انتخاب کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کمپنی کی حیدرآباد میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ دنیا کی ایک عظیم بائیو ٹیک کمپنی کی جانب سے حیدرآباد کا انتخاب کرنا باعث مسرت ہے۔ چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے ڈیوڈ ریز اور سام چٹوپادھیائے سے ملاقات کی۔ ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ کمپنی کو حکومت سے ہرممکن مراعات فراہم کی جائیں گی۔ کمپنی کے 27 ہزار ملازمین ہیں اور دنیا کے 100 ممالک میں اُس کی سرگرمیاں موجود ہیں۔ اِسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اڈوب سسٹم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شنتانو نارائن سے کیلیفورنیا میں ملاقات کی۔ سلیکان ویلی میں اڈوب سسٹم کا اہم رول ہے۔ شنتانو نارائن نے حکومت کے ترقیاتی منصوبہ اور خاص طور پر ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی میں تعاون کا یقین دلایا۔ 1