حیدرآباد نے آل انڈیا راجیو گاندھی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ جیتا

   

حیدرآباد، 26 جنوری (پریس نوٹ) حیدرآباد نے ٹاملناڈو کو 35 رنز سے شکست دے کر 47 واں آل انڈیا راجیو گاندھی ڈے؍ نائٹ انڈر۔ 19 ٹوئنٹی ۔20 کرکٹ ٹورنمنٹ جیت لیا جو یہاں ایل بی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس ٹورنمنٹ میں جملہ 12 ٹیموں نے حصہ لیا جن کا تعلق میزبان حیدرآباد کے علاوہ سری لنکا، دبئی، یو اے ای، ٹاملناڈو، بہار، کرناٹک، چینائی، ودربھ، تلنگانہ، بنگلور، مہاراشٹرا سے ہے۔ حیدرآباد ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 192 رنز 9 وکٹ کے نقصان پر بنائے۔ کرن یادو نے سب سے زیادہ 54 رنز اسکور کئے۔ آرن جارج نے 44 رنز بنائے۔ ہنی سائنی نے 3 وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں ٹاملناڈو کی ٹیم 157/9 اسکور کرسکی۔ ہنی سائنی نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے۔ 21 تا 24 جنوری منعقدہ ٹورنمنٹ کی اختتامی تقریب میں مسرز وی ہنمنت راؤ، شیو سینا ریڈی چیئرمین اسپورٹس اتھارٹی تلنگانہ، ایم ایس کے پرساد سابق انڈین کرکٹر اینڈ چیف سلیکٹر بی سی سی آئی نے انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر مسرز سریکانت گوڑ ورکنگ پریسیڈنٹ سی ایف آئی ، آدی اویناش صدر سی ایف ایچ، سید صادق پاشاہ صدر سی ایف آئی، امرجیت کمار سکریٹری جنرل سی ایف آئی، رجنی کانت گوڑ جوائنٹ سکریٹری سی ایف آئی بھی موجود تھے۔ ٹورنمنٹ کے آرگنائزنگ سکریٹری سریکانت گوڑ کی اطلاع کے بموجب اس موقع پر شری ہنمنت راؤ چیئرمین کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا (رجسٹرڈ) نے کہا کہ اس ٹورنمنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد باقاعدگی سے جونیر اور غریب کرکٹرز کو اپنی صلاحیت کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ سی ایف آئی (رجسٹرڈ) اپنے آغاز سے ہی حیدرآباد اور ملک بھر بالخصوص دیہی علاقوں میں بنیادی سطح سے لڑکوں اور لڑکیوں کی کرکٹ کے کھیل میں مدد کرنے کیلئے مسلسل کام کرتا آیا ہے۔